چین کے ساتھ لداخ سرحد پر گذشتہ چنددنوں سے چل رہی کشیدگی کے درمیان وزیردفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ اس معاملے کو سلجھانے کے لیے چین کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ باشندگان وطن کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ ملک کے وقار کو مجروح نہیں ہونے دیں گے۔
مسٹر سنگھ نے مودی حکومت کے دوسرے دور کے ایک برس مکمل ہونے کے موقع پر ایک ٹویٹ میں یہ بات کہی۔
انہوں نے کہا کہ 'میں ملک کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ہم کسی بھی صورت میں بھارت کے فخر کو مجروح نہیں ہونے دیں گے۔
چین کے ساتھ جو حالات پیدا ہوئے ہیں اسے سلجھانے کی کوشش جاری ہے، بھارت کی بھی کوشش ہے کہ کشیدگی کسی بھی حالت میں نہ بڑھے، دونوں ممالک کے درمیان فوجی اور سفارتی سطح پر بات چیت جاری ہے۔
ایک نجی ٹیلی ویڑن چینل کے ساتھ اپنی بات چیت کا ویڈیو بھی انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ اس میں انہوں نے کہا کہ بھارت کے ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے رشتے بناکر چلنے کی پالیسی رہی ہے لیکن چین کے ساتھ کبھی کبھی اس طرح کی صورت حال پیدا ہوجاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جیسی اس مہینے لائن آف کنٹرول پر ہوئی، لیکن اسے سلجھانے کی کوشش کی جارہی ہے اور چین کے صدر نے بھی کہا ہے کہ وہ اس معاملے کو سفارتی بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں۔
مسٹر سنگھ نے کہا کہ اس طرح کے معاملوں کے حل کے لیے بھارت اور چین کے درمیان پہلے ہی ایک طریقہ کار بنا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ کے وزیردفاع کے ساتھ جمعہ کو فون پر بات چیت کے دوران انہوں نے امریکہ کو بھی اس طریق کار کے بارے میں جانکاری دی اور بتایا کہ اس طرح کے معاملوں کو ہم فوجی اور سفارتی سطح پر بات چیت کے ذریعہ حل کرلیتے ہیں۔