نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا کہ گزشتہ 15 برسوں میں بی جے پی نے دہلی والوں کو کچرے کے تین پہاڑ دیے اور پوری دہلی کو کوڑا کوڑا کر دیا، اس لیے اس بار میونسپل انتخابات میں دہلی کی صفائی ستھرائی کے لئے ووٹ دیں۔Kejrival on Corporation Election
کیجریوال نے آج غازی پور لینڈ فل سائٹ کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ گزشتہ 15 برسوں سے دہلی میونسپل کارپوریشن پر بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت ہے اور اس دوران بی جے پی نے دہلی کو کچرے کے تین بڑے پہاڑ دیے ہیں۔ غازی پور لینڈ فل سائٹ کے ارد گرد کئی کلومیٹر تک رہنے والے لوگوں کا حال کیا ہو رہا ہوگا۔ کچرے کے پہاڑوں پر ہی صرف کچرا ہی نہیں ہے بلکہ پوری دہلی کی گلیوں اور سڑکوں پر جگہ جگہ کچرا ہی کچرا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کچرے کا پہاڑ نہیں ہے، یہ بی جے پی کی بداعمالیوں اور بدعنوانی کا پہاڑ ہے۔ میں بی جے پی کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ 15 برسوں میں اپنا ایک اچھا کام بتائے، جو کارپوریشن والوں نے کیا ہے۔ یہ اپنا ایک کام نہیں بتا سکتے۔ دہلی کی سڑکوں پر نکلنے والا کوئی بھی شخص بتا دے گا کہ عام آدمی پارٹی کی حکومت نے پانچ برسوں میں دہلی میں کتنا کام کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بی جے پی کی حکومت والی میونسپل کارپوریشن نے 15 برسوں میں 2 لاکھ کروڑ روپے خرچ کیے ہیں۔ یہ سارا پیسہ کہاں گیا؟ یہ دہلی والوں کا پیسہ تھا۔ دہلی والوں نے سارا پیسہ پراپرٹی ٹیکس میں دیا تھا۔ لوگوں نے اپنے بچوں کے پیٹ کاٹ کر اپنے خون پسینے کی کمائی کارپوریشن والوں کو دی تھی۔ ان لوگوں نے دودھ، دہی، روٹی، سبزی، چاول سمیت ہر چیز پر جی ایس ٹی لگا دیا۔ مرکزی حکومت پورے ملک کے تمام میونسپل کارپوریشنوں کو پیسے دیتی ہے، لیکن دہلی میونسپل کارپوریشن کو ایک پیسہ بھی نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ غازی پور کا کچرے کا پہاڑ دیکھنا انتہائی شرمناک ہے۔ دہلی ملک کی راجدھانی ہے۔ دنیا بھر سے لوگ دہلی آتے ہیں۔ جب لوگ دہلی آتے ہیں تو انہیں کچرے کا پہاڑ نظر آتا ہے۔ جب آپ لندن، پیرس، واشنگٹن، نیویارک وغیرہ ممالک میں جاتے ہیں تو وہاں آپ کو صاف ستھرے سیاحتی مقامات نظر آتے ہیں۔ اسی وقت جب کوئی دہلی آتا ہے تو اسے کچرے کے یہ پہاڑ نظر آتے ہیں۔ بی جے پی نے 15 برسوں میں دہلی کے لوگوں کا سر شرم سے جھکانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ کوئی رشتہ دار، دوست آتا ہے تو اسے کچرے کے پہاڑ نظر آتے ہیں۔ دہلی میں کچرے کے یہ تین پہاڑ ہی نہیں گلیوں میں جگہ جگہ کچرا ہے۔
حامیوں سے اپیل کرتے ہوئے مسٹر کیجریوال نے کہا کہ آپ کو بی جے پی کے ہر حامی کے گھر جانا ہوگا اور ان کا دل جیتنا ہوگا۔ کسی سے لڑنے کی ضرورت نہیں۔ سب کا کہنا ہے کہ 15 سال میں کچھ نہیں دیا۔ 15 سال ووٹ دیکر دیکھ لیا۔ ہم یہ نہیں کہہ رہے ہیں کہ بی جے پی چھوڑ کر آو، آپ اپنی پارٹی میں ہی رہیں، لیکن ایک بار کیجریوال کو موقع دے کر دیکھیں۔ اگر ہم پانچ سالوں میں دہلی کو صاف نہیں کر سکے تو اگلی بار ہمیں ووٹ نہ دیں۔
یواین آئی