ویلفیئرپارٹی آف انڈیا کے اترپردیش انچارج Up In-Charge Of Welfare Party of India سراج طالب نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی بات چیت کے دوران کہا کہ اترپردیش میں ویلفیئر پارٹی الیکشن کو لے کر سرگرم ہے اور وہ پوری ریاست میں 15امیدوار کو اتارنا چاہ رہی ہے لیکن سیکولر ووٹ تقسیم نہ ہو اس کے لیے سماج وادی پارٹی سے وہ سمجھوتہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اکھلیش یادو سے تین دور کی میٹنگ ہوچکی ہے سیٹو ں کو لے کر بات چیت تقریباً مکمل ہوچکی ہے اب آخری دور کی میٹنگ باقی ہے اس کے بعد پریس کانفرنس کرکے اعلان کردیا جائے گا۔
خصوصی بات چیت کے دوران سراج طالب نے کہا کہ اترپردیش میں بی جے پی کی جنگل راج قائم ہے۔ امن نام کی کوئی چیز نہیں ہے پوری ریاست میں اقلیتیں خوفزدہ ہیں۔ وزیر اعلیٰ یوگی کی نفرت کی سیاست سے لوگ پریشان ہیں۔ عوام اترپردیش میں بدلاؤ چاہتی ہے اور آئندہ سال ہونے والے انتخابات میں بی جے پی اقتدار سے باہر ہوجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ عین الیکشن کے وقت ہری دوار کے دھرم سنسد میں نفرت انگیز بیان بازی ہوتی ہے بی جے پی کی مرکزی حکومت خاموش تماشائی ہے اس سے لگتا ہے کہ بی جے پی اترپردیش کا ماحول خراب کرنا چاہتی ہے جو تشویشناک بات ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Condemn Dharam Sansad Hate Speech: دھرم سنسد کے اشتعال انگیز بیانات کی مذمت کا سلسلہ جاری
انہوں نے کہا کہ دھرم سنسد میں جس طرح سے بیان بازی ہوئی ہے اس پر دوسری سیاسی سیکولرپارٹیوں کی خاموشی بھی سوال پیدا کرتا ہے کہ کیا سیکولر کا دم بھرنے والی پارٹی بھی بی جے پی کے نقش قدم پر چل پڑی ہے؟
سراج طالب نے کہا کہ ویلفیئر پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ نفرت انگیز بیان بازی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ ملک کا ماحول خراب نہ ہوسکے۔