نئی دہلی: ریلوے، مواصلات، انفارمیشن ٹکنالوجی اور الیکٹرانکس کے مرکزی وزیر اشونی وشنو نے کہا کہ 'کانگریس لیڈر راہل گاندھی اپنی انا اور جاگیردارانہ سوچ کی وجہ سے پارلیمنٹ کی رکنیت سے محروم ہوئے ہیں اور وہ خود کو آئین، عدالت اور اداروں سے بالاتر سمجھتے ہیں۔ ریل بھون میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے وشنو نے کہا کہ راہل گاندھی اپنی انا کی وجہ سے پارلیمنٹ کی رکنیت سے نااہل قرار دئے گئے ہیں۔ انہوں نے او بی سی طبقے کی توہین کی اور عدالت نے اسے نوٹس میں لے کر ایک فیصلہ سنایا لیکن ان کا ماننا ہے کہ عدالت غلط ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'دراصل راہل گاندھی خود غرضی کی سیاست کرتے ہیں اور مانتے ہیں کہ ایک خاص گھرانے میں پیدا ہونے کی وجہ سے انہیں حکومت کرنے کا پیدائشی حق حاصل ہے۔ ویشنو نے کہا کہ راہل گاندھی سمجھتے ہیں کہ وہ آئین، عدالت اور جمہوری اداروں سے بالاتر ہیں اور کوئی عدالت ان کے خلاف فیصلہ کیسے دے سکتی ہے۔ ملک میں نازک صورتحال ہے۔ سارے بدعنوان اکٹھے ہو گئے ہیں۔ ملک میں صاف ستھری حکومت ہے اور عوام کا نیا مزاج ہے۔ اسے کیسے ختم کریں اس کی سازش کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Smriti Irani Slams Rahul Gandhi راہل گاندھی نے پسماندہ طبقات کی توہین کی، اسمرتی
انہوں نے کہا کہ جو لوگ آج حکومت پر بدعنوانی کا الزام لگا رہے ہیں انہیں یاد رکھنا چاہئے کہ متحدہ ترقی پسند اتحاد (یو پی اے) حکومت کے دوران کس قسم کی بدعنوانی ہوئی تھی۔ اس وقت کے وزیراعظم کے غیر ملکی دورے کے وقت آرڈیننس پھاڑنے سے کیا ادارے مضبوط ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب آئین نے ملک میں حکمرانی کا ایک نظام بنایا ہے تو پھر قومی مشاورتی کونسل کے نام پر متوازی وزیراعظم آفس بنانا کہاں جائز تھا۔
یو این آئی