گزشتہ چار دنوں میں متاثروں کی تعداد میں 25000 کا اضافہ ہوا۔ ملک میں مسلسل دو دنوں سے عالمی وبا کے متاثروں کے چھ ہزار سے زیادہ معاملے سامنے آنے سے مجموعی متاثروں کی تعداد بڑھ کر سوا لاکھ کے اعدادوشمار کو پار کرتے ہوئے 125101 ہوگئی ہے۔ راحت کی بات یہ ہے کہ ملک میں 50 ہزار سے زیادہ متاثر لوگ اس انفیکشن سے ٹھیک بھی ہوئے ہیں۔
مرکزی وزارت صحت وخاندانی فلاح وبہبود کی وزارت کی جانب سے سنیچر کو جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا انفیکشن کے اب تک کے سب سے زیادہ 6654 نئے معاملے سامنے آئے ہیں جس سے مجموعی متاثروں کی تعداد 125101 ہوگئی۔ ملک میں مجموعی طور سے سرگرم معاملے 69597 ہیں۔ اس سے ایک دن پہلے 6088 نئے معاملے سامنے آئے تھے۔
ملک میں کووڈ۔19 انفیکشن سے 137 اور لوگوں کی موت ہونے سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 3720 ہوگئی ہے۔ جمعہ کے مقابلے میں ہفتہ کو مرنے والوں کی تعداد میں کچھ کمی آئی ہے۔
جمعہ کے اعدادوشمار کے مطابق ایک دن میں کووڈ -19 سے 148 لوگوں کی موت ہوئی تھی۔ انفیکشن کے بڑھتے معاملوں کے درمیان اس وبا سے ٹھیک ہونےوالوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3250 لوگ اس انفیکشن سے ٹھیک ہوئے ہیں۔ جس سے صحت مند ہونے والوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 51784 ہوگئی ہے۔
ملک میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر مہاراشٹر ہوا ہے اور مجموعی انفیکشن کے معاملوں میں ایک تہائی سے زیادہ حصہ یہیں کا ہے۔
مہاراشٹر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2940 نئے معاملے سامنے آئے ہیں جس کے بعد یہاں مجموعی متاثروں کی تعداد بڑھ کر 44582 ہوگئی ہے اور مجموعی طور سے 1517 لوگوں کی موت ہوچکی ہے جبکہ 12583 لوگ اس انفیکشن سے اب تک ٹھیک ہوچکے ہیں۔