ملک میں گزشتہ دو دن میں کورونا وائرس (كووڈ -19) کے 10 ہزار سے زائد کیسز سامنے آنے سے متاثرین کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ہو گئی ہے جن میں سے ایک تہائی سے زیادہ کیسز صرف مہاراشٹر کے ہیں۔
بھارت ایک لاکھ کا ہندسہ پار کرنے والا دنیا کا 11 واں ملک ہو گیا ہے۔
وزارت صحت کی جانب سے منگل کی صبح جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4،970 نئے کیسز سامنے آئے جس سے متاثرین کی مجموعی تعداد 101139 تک پہنچ گئی ہے۔ خیال رہے کہ ملک میں ایک دن پہلے ہی 5،242 کیسز سامنے آئے تھے۔
ملک میں اس وبا سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 134 افراد کی موت ہونے سے ہلاکتوں کی تعداد 3163 ہو گئی۔ اس درمیان ایک مثبت پہلو یہ بھی ہے کہ اس بیماری سے شفایاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2350 افراد صحت مند ہوئے ہیں اور اس کے ساتھ ہی صحت مند ہونے والوں کی کل تعداد 39174 ہو گئی ہے۔
ملک میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر مہاراشٹر ہوا ہے اور یہاں کے حالات مسلسل بگڑ ر ہے ہیں۔ مہاراشٹر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2005 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے بعد یہاں متاثرین کی مجموعی تعداد 35،058 ہو گئی ہے اور ہلاک شدگان کی تعداد 1249 تک جا پہنچی ہے جبکہ 8437 افراد اس وبا سے ٹھیک بھی ہوئے ہیں۔
کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے معاملے میں ریاست گجرات دوسرے نمبر پر ہے۔ گجرات میں اب تک 11745 افراد اس وباسے متاثر ہوئے ہیں اور 694 ہلاکتیں ہوئی ہیں جبکہ 4804 لوگوں کو علاج کے بعد مختلف اسپتالوں سے چھٹی مل چکی ہے۔
کورونا وائرس وبا کے کیسز میں پانچ عدد (فائیو فیگر) کی فہرست میں تمل ناڈو تیسرے نمبر پر ہے۔ یہاں متاثرین کی مجموعی تعداد 11،760 ہو گئی ہے اور اس کے انفیکشن سے 81 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ اس کے علاوہ 4406 لوگ اس بیماری سے شفایاب بھی ہوئے ہیں۔
قومی دارالحکومت دہلی کی بھی پوزیشن اس جان لیوا وائرس کی وجہ سے تشویشناک بنی ہوئی ہے اور یہاں بھی متاثرین کی تعداد پانچ عدد کے پار پہنچ گئی ہے۔ دہلی میں اگرچہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے نئے کیس سامنے نہیں آئے ہیں تاہم آٹھ متاثرین کی موت ہوئی ہے۔ یہاں اب تک 10،054 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور مرنے والوں کی تعداد 168 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 4485 لوگوں کو علاج کے بعد اسپتالوں سے چھٹی دے دی گئی ہے۔
راجستھان میں بھی کورونا وائرس تیزی سے پھیلتا جا رہا ہے۔ یہاں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 5507 اور 138 افراد کی موت ہو چکی ہے، جبکہ 3218 لوگ مکمل طور ٹھیک ہوئے ہیں۔
ملک کی سب سے بڑے ریاست اترپردیش میں اب تک 4605 لوگ اس کی زد میں آئے ہیں اور اس کی زد میں آکر ہلاک ہونے والوں کی تعداد 118 ہو گئی ہے اور 2783 لوگ اب تک اس سے ٹھیک ہوئے ہیں۔
مغربی بنگال میں 2825 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 244 افراد کی موت ہو چکی ہے اور اب تک 1006 لوگ ٹھیک ہوئے ہیں۔
تلنگانہ میں اب تک کورونا وائرس سے 1597 لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ ریاست میں جہاں کورونا وائرس سے 36 افراد کی جان گئی ہے، وہیں 1000 لوگ اب تک ٹھیک بھی ہوئے ہیں۔
جنوبی بھارت کی ریاست آندھرا پردیش میں 2474 اور کرناٹک میں 1246 لوگ متاثر ہیں اور ان ریاستوں میں اس سے مرنے والوں کی تعداد بالترتیب 50 اور 37 ہو گئی ہے۔
وہیں مرکزکے زیر انتظام جموں و کشمیر میں متاثرین کی تعداد بڑھ کر 1289 ہو گئی ہے اور 15 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
پنجاب میں 37، ہریانہ میں 14، بہار میں نو، کیرالہ اور اڑیسہ میں چار چار، جھارکھنڈ، چنڈی گڑھ اور ہماچل پردیش میں تین تین، آسام میں دو اور میگھالیہ، پڈو چیری اور اتراکھنڈ میں ایک ایک شخص کی اس وبا سے موت ہوئی ہے۔