دہلی:دہلی میں تمام میونسپل کونسلروں کی مدت کار ختم ہوگئی ہے۔ اب قومی دارالحکومت دہلی میں کوئی میونسپل کونسلر نہیں رہے۔ آئندہ میونسپل کارپوریشن کے انتخابات ہونے کے بعد نئے میونسپل کونسلر حلف لیں گے اور اس وقت تک دہلی میں کوئی میونسپل کونسلر نہیں رہے گا۔
The Era of Delhi’s Three Municipal Corporations at an End
سال 2017 میں ہونے والے انتخابات کے بعد 18 مئی کو تمام منتخب امیدواروں نے اپنی پانچ سال مدت کے لیے ایوان میں حلف لیا تھا۔ ان کی میعاد 18مئی 2022 کو ختم ہوگئی۔ ضابطے کے مطابق کونسلرز اب سابق کارپوریٹ کونسلر کہلائیں گے اور انہیں انتظامی سطح پر کارپوریشن کے کسی افسر کو ہدایت یا حکم دینےکا اختیار نہیں ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی اب انہیں کارپوریشن افسران کو انتظامی خطوط لکھنے کا بھی حق حاصل نہیں ہوگا۔ وہ افسران کو پیدائش یا موت کے سرٹیفکیٹ اور لال ڈورا زمین وغیرہ کے لیے سفارشی خط بھی نہیں لکھ سکیں گے۔
دوسری جانب کارپوریشن کا کوئی بھی افسر سابق کونسلرز کے احکامات ماننے کا پابند نہیں ہوگا۔تمام افسران اب براہ راست اپنے زون کے ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر کام کریں گے اور ان کی انتظامیہ کو کسی سابق کونسلر کے کام میں مداخلت کا کوئی حق نہیں ہوگا۔ زون کی سطح پر وارڈ کمیٹی کا کوئی اجلاس نہیں ہوگا۔ اس کے علاوہ ان سابق کونسلروں کو انتظامی سطح پر افسران کے ساتھ وارڈ ایریا میں گھومنے پھرنے کا کوئی حق نہیں ہوگا۔وارڈ کا کام افسران اپنی سمجھ سے کریں گے ، کوئی بھی کارپوریشن کونسلر افسر کو گائڈ لائن جاری نہیں کرسکے گا۔