مرکزی الیکشن کمیشن کے مطابق کیرالا کے ساتھ ساتھ تمل ناڈو اور پڈوچیری میں بھی ایک ہی دن انتخابات منعقد ہوں گے جبکہ 2 مئی کو ووٹوں کی گنتی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ کنیا کماری لوک سبھا ضمنی انتخاب کے لیے 6 اپریل کو ہی ووٹ ڈالے جائیں گے۔
پانچ ریاستوں تمل ناڈو، پڈوچیری، کیرالا، مغربی بنگال اور آسام میں اسمبلی کی میعاد مئی میں ختم ہوگی۔
پڈوچیری کے 30 اور تمل ناڈو کے 234 اسمبلی حلقوں کے لیے 6 اپریل کو انتخابات ہوں گے۔ تمل ناڈو میں انتخابات کے لیے اعلامیہ 12 مارچ کو جاری کیا جائے گا جبکہ کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 19 مارچ ہوگی اور کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 22 مارچ مقرر کی گئی۔
ان انتخابات میں امیدوار آن لائن طریقہ سے بھی پرچہ نامزدگی داخل کر سکتے ہیں۔ امیدوار کو آن لائن طریقہ سے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی سہولت رہے گی۔
کیرالا میں 40 ہزار 771 پولنگ بوتھ پر ووٹنگ ہوگی۔ 140 انتخابی حلقوں میں 2 کروڑ 67 لاکھ ووٹرز اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق ایک پولنگ بوتھ پر ایک ہزار سے زائد ووٹرز نہیں ہوں گے۔ ہر پولنگ بوتھ میں کووڈ پروٹوکول پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن نے مزید بتایا کہ انتخابات کے دوران ریاستوں میں سیکوریٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں گے۔