نوئیڈا: کیرالہ کے گورنر عارف محمد خان نوئیڈا میں ایک پرائیویٹ تقریب میں شرکت کے لئے پہنچے تھے۔ یہاں ان کی سکیورٹی میں ایک بڑی کوتاہی سامنے آئی ہے۔ کوتوالی 113 کے تحت ایک مشکوک گاڑی ان کے قافلے میں گھس گئی۔ پولیس نے فوری کاروائی کرتے ہوئے فلیٹ میں داخل ہونے والی اسکارپیو کو گھیرے میں لے لیا اور ملزمان کو پکڑ لیا ہے۔
قافلہ رات نوئیڈا کے راستے دہلی جا رہا تھا۔کیرالہ کے گورنر عارف محمد خان نوئیڈا کے سیکٹر-77 میں پروگرام میں حصہ لینے کے بعد واپس آ رہے تھے۔ تبھی ایک کالے رنگ کی اسکارپیو ان کے قافلے میں داخل ہوئی۔ اس شخص نے عارف محمد خان کی کار کو اپنی اسکارپیو سے ٹکر مارنے کی کوشش کی۔ تاہم اس واقعے میں عارف محمد خان بال بال بچ گئے۔ پولیس نے گوتم سولنکی اور مونو کمار کو گرفتار کرلیا ہے۔گاڑی برآمد کر لی گئی ہے۔ پولیس ملزمان سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ڈرائیور نشے کی حالت میں تھا۔ یہ مقدمہ سب انسپکٹر پنکج سنگھ نے کرایا ہے۔ پولیس نے گورنر کے حفاظتی حصار کو توڑنے کی پاداش میں مناسب دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کر لی ہے۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ عارف محمد خان ایک بی جے پی اور آر ایس ایس کے مسلم چہرے کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ وہ اپنی بات کو بی جے پی کے نظریات سے پیش کرتے ہیں۔ تاہم واقعے کے بعد گورنر کو بحفاظت نوئیڈا کے راستے دہلی لے جایا گیا۔ لیکن گورنر کے قافلے میں ایسی نامعلوم گاڑی کی آمد کو پولیس کی بڑی غلطی قرار دیا جا رہا ہے۔ نوئیڈا پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔
مزید پڑھیں: کسی بھی شخص کو عسکریت پسندوں سے ڈرنے کی ضرورت نہیں، عارف محمد خان