کانگریس پارٹی کے ترجمان رندیپ سنگھ سرجیوالا نے کہا کہ 'وہ، ملک بھر کے مائگرینٹ ورکرز کے مصائب اور آبائی مقامات تک پہنچنے میں انہیں ہورہی شدید مشکلات سے سپریم کورٹ کو واقف کروانا چاہتے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ ’مزدوروں کو مفت ٹرانسپورٹ، غذا، رہائش وغیرہ کی فراہمی کے لیے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی جانب سے نامناسب اقدامات کئے گئے ہیں‘۔
رندیپ سنگھ سرجیوالا نے مزید کہا کہ ’اس مسئلہ پر مرکزی حکومت پوری طرح ناکام ثابت ہوئی ہے جبکہ مرکزی حکومت کو حزب اختلاف پارٹیوں کے ساتھ مشاورت اور ایک جوائنٹ ایکشن کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے مائگرینٹ ورکرز کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کرنی چاہئے تھی لیکن مرکزی حکومت نے اس مسئلہ پر کسی بھی حزب اختلاف پارٹی اور ارکان پارلمنٹ سے مشاورت نہیں کی‘۔
عرضی میں بتایا گیا ہے کہ پھنسے ہوئے مزدوروں کو آبائی مقام پہنچانے کےلیے ابھی تک مناسب حکمت عملی تیار نہیں کی گئی ہے۔ عرضی میں عدالت سے درخواست کی گئی ہے کہ مرکزی حکومت کو مزدروں کی فہرست تیار کرتے ہوئے انکی آبائی مقامات کو واپسی کےلیے ضلعی اور دیہاتی سطح پر کاروائی کی ہدایت دی جائے۔ رندیپ سنگھ سرجیوالا نے ایڈوکیٹ سنیل فرنینڈس کے توسط سے اپنی عرضی سپریم کورٹ میں داخل کی ہے۔
قبل ازیں ملک بھر میں مہاجر مزدوروں کے مصائب پر خود سے کاروائی کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے مرکز اور ریاستی حکومتوں کو نوٹس روانہ کرتے ہوئے 28 مئی تک جواب داحَ کرنے کی ہدایت دی ہے۔