لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے ارکان پارلیمان کو ایک خط لکھ کر کہا ہے کہ ’مانسون اجلاس یکم اکتوبر تک بغیر کسی تعطیل کے جاری رہے گا۔ یہ اجلاس غیرمعمولی حالات میں منعقد کیے جارہے ہیں اور ہمیں اپنی آئینی ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے کوویڈ سے متعلق تمام رہنمایانہ اصولوں کی پابندی کے ساتھ اجلاس میں شرکت کو یقینی بنانا چاہئے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ’میں آپ کےلیے ایک سنیٹائزر کٹ بھی بھیج رہا ہوں اور مجھے یقین ہے کہ ایوان کی کاروائی کے دوران آپ تمام کا پورا تعاون مجھے حاصل رہے گا‘۔ اوم برلا نے ڈی آر ڈی او کے ذریعہ فراہم کردہ کٹ ارکان کو بھیجا ہے جس میں سنیٹائزر، چہرے کے ماسک وغیرہ شامل ہیں۔
اسپیکر نے کہا کہ ’لوک سبھا سکریٹریٹ نے اراکین کی حفاظت اور سہولت کےلیے تمام تر انتظامات کئے ہیں، تاہم اراکین بغیر کسی ہچکچاہٹ کے مباحث میں حصہ لے سکتے ہیں‘۔
پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس کا آج سے آغاز ہوگیاہے جو یکم اکتوبر کو اختتام پذیر ہوگا۔ مانسون سیشن کے دوران کوئی وقفہ سوالات اور پرائیویٹ ممبرس بزنس نہیں ہوگا۔
نیشنل انفارمیٹک سنٹر کی جانب سے تیار کردہ ایک موبائل ایپ کے ذریعہ ارکان پارلیمان کی حاضری کو ریکارڈ کیا جائے گا تاکہ کوویڈ کے پھیلنے کے خطرے کو کم کیا جاسکے۔ 14 ستمبر کو اجلاس کے پہلے دن ایوان زیریں کا اجلاس صبح 9 بجے تا دوپہر ایک بجے تک جاری رہے گا اور ایوان بالا کا اجلاس شام 3 بجے تا 7 بجے شب تک چلایا جائے گا۔