بدھوڑی نے پیر کے روز آپ حکومت کی ناکامیاں گناتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت نے دہلی کے 72 لاکھ لوگوں کے لئے ماہانہ آٹھ کلو گندم، دو کلو چاول اور ایک کلو دال مفت بھیجی لیکن کیجریوال کی حکومت یہ راشن غریبوں تک نہیں پہنچا سکی۔ غریبوں کے اس راشن پر دہلی حکومت کے صرف ساڑھے چھ کروڑ روپے خرچ ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ خود خوراک کے مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان نے کہا کہ اپریل ماہ کے لئے مرکز نے جو راشن جاری کیا اس کا محض ایک فیصد ہی دہلی حکومت تقسیم کرا سکی ہے۔ مرکزی حکومت تین ماہ تک دہلی کے 72 لاکھ لوگوں کو مفت راشن فراہم کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کے مرکزی ریلوے وزیر نے مائیگرینٹ ورکرز کو ان کی ریاست واپس بھیجنے کے لئے ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا۔ ان ٹرینوں کو چلانے کا 85 فیصد خرچ مرکزی حکومت دے رہی ہے جبکہ 15 فیصد ہی اس ریاستی حکومت کو دینا ہے جہاں کے مزدور ٹرینوں میں جا رہے ہیں۔ دہلی حکومت کا اس پر ایک بھی پیسہ نہیں خرچ ہو رہا ہے۔ اس کو صرف متعلقہ ریاستی حکومتوں سے بات چیت کرکے مزدوروں کو ٹرین تک پہنچانا ہے لیکن یہ کام بھی وہ نہیں کر پا رہی۔ انہوں نے کہا کہ دہلی حکومت کی ویب سائٹ پر 62 ہزار لوگوں نے اپنے گھر جانے کے لئے رجسٹریشن کرایا ہے۔