ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی اسپیکر اوم برلا نے پارلیمنٹ ہاؤس حملے میں شہید ہوئے پولیس اہلکاروں اور ملازمین کو خراج عقیدت پیش کیا۔ شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد بی جے پی ارکان نے اپنی نشستوں سے کھڑے ہو کر مسٹر گاندھی کے ’ریپ ان انڈیا‘ والے بیان پر ہنگامہ شروع کر دیا۔ بی جے پی کے ارکان مسٹر گاندھی سے ایوان میں آکر معافی مانگنے کا مطالبہ کرنے لگے۔
خواتین و اطفال کی ترقی کی وزیر اسمرتی ایرانی نے کہا کہ ہندوستان کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے جب کسی بڑے سیاسی پارٹی کے لیڈر نے ملک کی خواتین کے لئے اس طرح کے شرمناک بیان دیئے ہیں۔
انہوں نے مسٹر گاندھی کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ’ریپ‘ کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔ کیا وہ چاہتے ہیں کہ خواتین کے ساتھ ریپ ہو؟ اس دوران بی جے پی کی سبھی خاتون ا رکان اپنی سیٹ کے قریب کھڑی ہو گئیں اور ’راہل گاندھی معافی مانگو‘ کے نعرے لگانے لگیں۔