نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی آج کل زمینی صورتحال جاننے کے لیے کسی نہ کسی علاقے کا دورہ کرکے عام لوگوں سے ملاقات کر رہے ہیں۔ اسی ضمن میں پیر کو انھوں نے دہلی کے اوکھلا انڈسٹریل ایریا کے فیز ون علاقے میں واقع ایک موٹر سائیکل ورکشاپ کا دورہ کیا جہاں وہ تقریباً آدھے گھنٹے تک رکے رہے اور عام لوگوں سے بات چیت کی اور ان کو ہر روز پیش آنے والے چھوٹے مسائل کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے وہاں موجود لوگوں سے بھارت جوڑو یاترا کے بارے میں بھی دریافت کیا اور لوگوں سے معلوم کیا کہ ان کے نقطہ نظر سے بھارت جوڑو یاترا کیسی تھی۔
اس کے بعد راہل گاندھی نے آزاد پور منڈی کے وائرل سبزی فروش رامیشور سے اپنے رہائش گاہ پر ملاقات کرکے ان کے ساتھ کھانا کھایا اور ان کا درد بھی سنا۔ دراصل یہ وہی سبزی فروش ہے جس کا ایک چھوٹا سا کلپ اس وقت کافی زیادہ وائرل ہوگیا تھا جب وہ للن ٹاپ کو انٹرویو دیتے وقت جذباتی ہوگئے اور اپنے آنسو کو روکنے کی کوشش کر رہے تھے۔ اس ویڈیو کو راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی سمیت ملک کئی بڑی شخیصیات نے اپنے اکاونٹ سے پوسٹ کرکے حکومت سے سوال کیا تھا۔ آج اسی شخص سے راہل گاندھی نے ملاقات کرنے کے بعد ٹویٹ کیا کہ رامیشور جی ایک زندہ دل انسان ہیں! ان میں کروڑوں بھارتیوں کی فطری جھلک نظر آتی ہے۔ جو لوگ نامساعد حالات میں بھی مسکراہٹ کے ساتھ آگے بڑھتے ہیں وہی صحیح معنوں میں بھارت کی تقدیر لکھتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
- سبزی فروشوں سے بات کرنے راہل گاندھی صبح سویرے آزاد پور سبزی منڈی پہنچ گئے
- گیراج میں موٹر سائیکل کی مرمت کرتے نظر آئے راہل گاندھی
قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے بھی راہل گاندھی کئی مرتبہ عام لوگوں سے ملاقات کر چکے ہیں۔ 1 اگست کی صبح 4 بجے آزاد پور سبزی منڈی پہنچ کر انہوں نے پھلوں اور سبزیوں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے بارے میں دکانداروں اور گاہکوں سے بات چیت کی تھی۔ اس سے کچھ دن پہلے راہل گاندھی سونی پت میں کسانوں کے کھیتوں میں پہنچے تھے اور دھان لگانے والے کسانوں کے ساتھ وقت گزارا تھا۔ اس کے علاوہ وہ کچھ دن پہلے قرول باغ کے بائیک ریپئرنگ مارکیٹ میں مکینکس کے مسائل جاننے پہنچے تھے۔