زرعی قانون کے خلاف ملک گیر سطح پر کسانوں کا احتجاج جاری ہے۔ دہلی میں آج کسانوں نے مظاہرہ کرتے ہوئے ٹریکٹر لے کر انڈیا گیٹ کے قریب پہنچے اور ٹریکٹر کو الٹ کر اس میں آگ لگا دی۔
جب پولیس وہاں تک پہنچی تو سب لوگ موقع سے فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق مظاہرین میں 12 سے 15 افراد شامل تھے۔ اس سلسلے میں تلک مارگ پولیس تھانہ میں معاملہ درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔
اطلاع کے مطابق پارلیمنٹ سے زرعی بل پاس ہونے کے بعد کسانوں میں مستقل ناراضگی دیکھی جا رہی ہے۔ ہر طرف مظاہرے کیے جارہے ہیں۔
جمعہ کے روزملک کے بیشتر علاقوں میں کسانوں نے مظاہرے کیے ہیں۔ اس سلسلے میں پولیس نے دہلی کے متعدد علاقوں میں دفعہ 144 نافذ کردی ہے اور لوگوں کا ایک جگہ جمع ہونا ممنوع قرار دیا ہے۔ لیکن اس کے باوجود کچھ لوگ پیر کی صبح انڈیا گیٹ کے قریب پہنچے اور یہاں انہوں نے ایک ٹریکٹر کو الٹ کر آگ لگا دی۔
یہ بھی پڑھیں: راجیہ سبھا میں ضابطے توڑنے کے سوال پر ڈپٹی چیئرمین کا جواب
پولیس نے ریت ڈال کر جلتے ہوئے ٹریکٹر کو موقع پر بجھانے کی کوشش کی۔ مظاہرین موقع سے فرار ہوگئے۔ بتایا جارہا ہے کہ وہ پنجاب کانگریس یوتھ کے ممبر تھے۔
تاہم ابھی تک اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ تلک مارگ پولیس اسٹیشن کی پولیس فی الحال پورے معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔