صدر جمہوریہ رامناتھ کووند چار نومبر کو شیلانگ میں شمال مشرقی پہاڑی یونیورسٹی (این ای ایچ یو) کی 26ویں تقسیم اسناد تقریب میں مہمان خصوصی ہوں گے۔
مسٹر کووند سکم سے ہندستانی فضائیہ کے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ اوپری شیلانگ میں واقع ایسٹرن ایئر کمانڈ کے ایڈوانس لینڈنگ گراونڈ میں پہنچیں گے۔ گورنر تتھاگت رائے اور وزیراعلی کونراڈ سنگما وہاں مسٹر کووند کا استقبال کریں گے۔
صدر کے طورپر ذمہ داری سنبھالنے کے بعد مسٹر کووند کا یہ میگھالیہ کا پہلا دورہ ہوگا۔
اس موقع پر گجرات کے باشندے اور جسمانی طورپر معذور سماجی کارکن کنوبھائی ہنس مکھ بھائی درزی، جو ڈسیبل ویلفیئر ٹرسٹ آف انڈیا کے بانی بھی ہیں، کو جسمانی طورپر معذور لوگوں کی فلاح و بہبود میں نمایاں شراکت کے لئے ڈاکٹر آف لیٹرس (اعزازیہ) کی ڈگری سے نوازا جائے گا۔ 2011میں کنوبھائی کو ہندستان کے چوتھے اعلی ترین شہری اعزاز پدم شری سے نوازا گیا تھا۔
اس درمیان پولیس نے مسٹر کووند کے دورہ کے لئے سخت حفاظتی انتظامات کئے ہیں۔ پولیس اور نیم فوجی دستوں کو تمام اہم اور حساس مقامات پر تعینات کیا گیا اور پوری ریاست میں گشت تیز کردی گئی ہے۔