نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو زور دے کر کہا کہ پورا ملک منی پور کے ساتھ کھڑا ہے اور وہاں کا مسئلہ جلد ہی حل ہو جائے گا۔ آج 77 ویں یوم آزادی کے موقع پر لال قلعہ کی فصیل سے ملک کے عوام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ منی پور کو ایک بڑے مسئلہ کا سامنا ہے۔ انہوں نے منی پور کے لوگوں کو یقین دلایا کہ اس مشکل گھڑی میں پورا ملک ان کے ساتھ کھڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی طرف سے منی پور میں امن بحال کرنے کی تمام کوششیں کی جا رہی ہیں اور ان کوششوں کی وجہ سے وہاں امن لوٹ رہا ہے اور انہیں یقین ہے کہ کوئی راستہ ضرور نکل جائے گا اور جلد ہی وہاں امن بحال ہو جائے گا۔ وزیر اعظم نے ملک کے عوام بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ملک کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کا عہد کریں اور ان عزائم کو عملی جامہ پہنانے کے لیے کام کریں۔ انہوں نے کہا ’’ہم امرت کال میں داخل ہو گئے ہیں جو ہمیں ہزار سال کے سنہری دور میں لے جائے گا۔ ملک اور دنیا کا ہندوستان پر بے پناہ اعتماد اور بھروسہ ہے اور انہیں ہندوستان سے بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے امرت کال کے دور میں ہم جتنی قربانیاں دیں گے اس سے آنے والی ایک ہزار سال کی سنہری تاریخ کا جنم ہونے والا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے پاس آبادی، جمہوریت اور تنوع کی تثلیث ہے جو ہندوستان کو بہت آگے لے جائے گی۔‘‘ اس موقع پر وشوکرما یوجنا کا اعلان کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ اسے نچلی سطح پر نافذ کرکے معیشت کو مضبوط کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو مہنگائی سے راحت دینے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم مودی منی پور کو جلانا چاہتے ہیں بجھانا ہی نہیں چاہتے: راہل گاندھی
وزیر اعظم نے جنگ کے بہادروں کو خراج عقیدت بھی پیش کیا جنہوں نے آزادی کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں۔ انہوں نے مختلف قدرتی آفات سے متاثر ہونے والے لوگوں سے اظہار تعزیت بھی کیا۔