قومی دارالحکومت دہلی میں وزیراعظم نریندرمودی نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ملک میں الیکشن نہیں بلکہ مہاتما گاندھی کی خدمات کے منتر کی بنیاد پر ملک کے عوام کا دل جیتا ہے اور پارٹی کی توسیع سے ڈرے ہوئے سیاسی مخالفین جھوٹ اور افواہیں پھیلا کر ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
وزیراعظم نے بی جے پی کے 41ویں یوم تاسیس کے موقع پر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ سے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔
پارٹی کے دین دیال اپادھیائے روڈ پر واقع سینٹر دفتر میں بی جے پی صدر جگت پرکاش نڈا نے پارٹی کا پرچم لہرایا اور پنڈت دین دیال اپادھیائے اور ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کے مجسموں پر گلہائے عقیدت پیش کرنے کے بعد پارٹی کے دیگر اہم رہنماؤں کے ساتھ وزیراعظم کا پیغام سنا۔
وزیراعظم نے کہا کہ بی جے پی کی گورو شالی یاترا کے آج 41 برس پورے ہورہے ہیں، یہ 41 برس اس بات کے گواہ ہیں کہ خدمت اور قربانی کے ساتھ کوئی پارٹی کیسے کام کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی، پنڈت دین دیال اپادھیائے، اٹل بہاری واجپئی،کشابھاؤ ٹھاکرے، راج ماتا وجیاراجے سندھیا جی، ایسے بیشتر عظیم شخصیات کو بی جے پی کے ہر کارکن کی طرف سے میں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، گلہائے عقیدت پیش کرتا ہوں'۔
انہوں نے پارٹی کو آگے بڑھانے اور پارٹی کو اپنی زندگی مختص کرنے والے مسٹر لال کرشن اڈوانی، ڈاکٹر مرلی منوہر جوشی سمیت سبھی سینیئر رہنماؤں کو سلام کیا۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کی قربانی کی طاقت ہے کہ ہم آئین کے آرٹیکل 370 کو ہٹاکر کشمیر کو آئینی حق دے پائے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے لیے ہمیشہ یہ منتر رہا ہے کہ 'شخص سے بڑی پارٹی، پارٹی سے بڑا ملک 'یہ روایت ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی سے لے کر آج تک جاری و ساری ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'ہم سبھی نے دیکھا ہے کہ کیسے سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپئی نے ایک ووٹ سے حکومت گرنا قبول کیا تھا، لیکن پارٹی کے اصولوں سے سمجھوتہ نہیں کیا تھا۔