کورونا وائرس کے سبب گذشتہ دنوں دارالحکومت دہلی میں آکسیجن کی کمی جس طرح سے منظر عام پر آئی اس کے بعد دہلی کے مختلف علاقوں میں ضرورت مندوں تک آکسیجن پہنچانے کے لیے متعدد افراد بھی سامنے آئے۔
ایسے میں پرانی دہلی کے کنور شہزاد بھی ضرورت مندوں تک آکسیجن فراہم کرنے کے لیے سوشل میڈیا کے ذریعے مقبول ہوئے۔
کنور شہزاد کی اس مقبولیت کے بعد ہدایت کار روما بھامری نے ان کی خدمات کو سراہا اور ان کے اس کردار پر ایک فلم 'آکسیجن مین' بنانے کا فیصلہ کیا جو آج یوٹوب پر ریلیز کی گئی۔
فلم کی کہانی کورونا وبا کی دوسری لہر کے دوران پیش آنے والے واقعات کے گرد گھومتی ہے جس میں لوگ پریشان حال دکھائی دے رہے ہیں، وہیں دوسری جانب ایسے ہزاروں لوگ مسیحا بن کر بھی سامنے آئے جو ضرورتمندوں کی مدد کے لیے اپنا سب کچھ قربان کرنے کے لیے تیار تھے۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا سے لڑرہے ڈاکٹروں پر ملک کو فخر: مودی
فلم میں مرکزی کردار پرانی دہلی کا ایک نوجوان کنور شہزاد ہے جنہوں نے ہزاروں لوگوں کی آکسیجن کے ذریعے جان بچائی جس کے بعد انہیں عوام کی جانب سے آکسیجن مین کا خطاب دیا گیا۔
اس فلم میں کنور شہزاد کا کردار جاوید ابراہیم نے ادا کیا ہے جبکہ فلم ساز روی دکشت کی زیر نگرانی یہ مکمل ہوئی ہے۔ موسیقی پیوش چوہدری نے دی جبکہ ایڈیٹنگ کی ذمہ داری سنجیو شرما نے نبھائی ہے۔