نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے جمعہ کو کہا کہ دارالحکومت کے تین کچرے کے پہاڑوں کو جلد از جلد صاف کرنے کے لئے جنگی بنیادوں پر کام شروع کر دیا گیا ہے اور اوکھلا لینڈ فل سائٹ کے آس پاس رہنے والے لاکھوں لوگوں کو دسمبر تک کچرے کے پہاڑ سے نجات مل سکتی ہے اروند کیجریوال نے آج کچرے کو ٹھکانے لگانے کے عمل کا جائزہ لینے کے لیے اوکھلا لینڈ فل سائٹ کا دورہ کیا اور دسمبر تک سائٹ سے کچرے کے پہاڑ کو ختم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ مئی 2024 تک کچرا صاف کرنے کا ہدف ہے تاہم ہم دسمبر تک اسے صاف کرنے کی کوشش کریں گے۔ اس وقت اس مقام پر 40 لاکھ ٹن فضلہ باقی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تقریباً 26 سال پہلے اوکھلا لینڈ فل سائٹ پر کچرا آنا شروع ہوا تھا۔ اس وقت یہاں تقریباً 40 لاکھ ٹن کچرا پڑا ہوا ہے۔ سال 2019 سے اوکھلا لینڈ فل سائٹ سے کچرا اٹھانے کا کام آہستہ آہستہ شروع ہوا تھا۔ اب تک یہاں سے تقریباً 25 لاکھ ٹن کچرا ہٹایا جا چکا ہے لیکن اب بھی 40 لاکھ ٹن کچرا باقی ہے۔ مئی 2024 تک کچرے کے اس پہاڑ کو صاف کرنے کا ہدف ہے۔ تمام افسران اور انجینئر کچرے کے پہاڑ کو صاف کرنے میں مصروف ہیں۔ ان کی کوشش ہے کہ مئی 2024 کے بجائے دسمبر 2023 تک اوکھلا لینڈ فل سائٹ سے کچرے کے پہاڑ کو صاف کردیا جائے۔ شہری ترقی کے وزیر کیلاش گہلوت نے ٹویٹ کیا، 'وزیر اعلی اروند کیجریوال، میئر شیلی اوبرائے اور ڈپٹی میئر آلے اقبال کے ساتھ آج اوکھلا لینڈ فل سائٹ کا دورہ کیا۔ جلد ہی دہلی کے لوگوں کو کچرے کے پہاڑوں سے نجات ملے گی۔ اروند کیجریوال کی رہنمائی میں ہم دہلی کو آلودگی سے پاک بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
یو این آئی