قومی دارالحکومت دہلی میں عالمی وبا کووڈ-19کا گزشتہ 24 گھنٹوں میں سب سے خطرناک منظر سامنے آیا ہے اور 1024 نئے لوگوں کے اس وائرس کی زد میں آنے سے اب یہ تعدد 16 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے، جبکہ اس دوران مزید 13 مریضوں نے اس وائرس سے اپنی جان گنوائی ہے۔
دہلی کے محکمہ صحت کی طرف سے جمعرات کی دیر شام جاری کورونا وائرس کے اعداد و شمار کے مطابق ریکارڈ 1024 نئے معاملات سے متاثرین کی مجموعی تعداد 16281 پہنچ گئی، تاہم اس دوران 13 مریضو کی موت سے اس وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 316 ہوگئی۔
خیال رہے کہ بدھ کو 792 معاملے اور پندرہ اموات ہوئی تھیں۔
واضح رہے کہ 18 مئی سے چوتھا لاک ڈاون شروع ہونے کے بعد دارالحکومت میں یہ وائرس دن بدن خطرناک صورت اختیار کرتا جارہا ہے۔
دہلی ملک میں کورونا وبا کے معاملے تیسرے نمبر پر ہے، اتوار کو ریکارڈ 30 مریضوں کی موت ہوئی تھی۔
دہلی ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ کے اعداد و شمار کے مطابق فی الحال وائرس کے فعال معاملات 8470 ہیں، اس دوران 7495مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔
دہلی میں کورونا کے لیے بنائے گئے خصوصی کووڈ-19 ہسپتالز میں داخل ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے اور 2196 مریضوں کا علاج چل رہا ہے۔
ان میں سے 197 انتہائی نہگداشت یونٹ اور 31 وینٹی لیٹر پر ہیں۔ سب سے زیادہ متاثرہ 635 لوگ نائک جے پرکاش نارائن ہسپتال (ایل این جے پی) میں داخل ہیں جن میں سے 25 آئی سی یو میں اور دو وینٹی لیٹر پر ہیں۔
ایمس میں دہلی اور جھجر کے مجموعی طورپر 536 متاثرین کا علاج چل رہا ہے، ان میں سے 17 آئی سی یو اور چار وینٹی لیٹر پر ہیں۔