بختار پور گاؤں کے لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہاں کی زیادہ تر دوکانوں پر ماسک پتہ کیے لیکن کسی دوکان پر لوگوں کو ماسک نہیں مل رہے۔ کیمسٹ شاپ چلانے والوں سے جب اس تعلق سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ دیہاتی علاقہ ہونے کی وجہ سے یہاں ماسک کی خرید و فروخت میں کمی تھی لیکن ان دنوں ماسک کی ڈمانڈ زیادہ ہے اور اس کی قیمت دوگنی ہو چکی ہے۔
دوکانداروں نے بتایا کہ انہیں بازار میں خود ماسک نہیں مل رہے ہیں۔ فروخت کے لیے ماسک بہت ہی کم تعداد میں مل رہے ہیں اور وہ بھی دوگنی سے تین گنی قیمت پر۔
دہلی کے جہاں گیر پوری علاقے میں بھی ماسک کی قلت ہے۔ اس علاقے میں کورونا وائرس سے متعلق جانکاری ملنے پر لوگ ماسک خریدنے کے لیے مختلف دوکانوں پر جا رہے ہیں لیکن انہیں ماسک نہیں مل رہے ہیں۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ عام لوگوں کو کم قیمت پر معیاری ماسک مہیا کرائے۔ حکومت کی جانب سے بیماری سے بچنے کے لیے ماسک بازار میں اتارے جانے چاہیے۔
فی الحال دہلی کے لوگوں میں کورونا وائرس کی وجہ سے خوف ہے،لوگ جگہ جگہ ماسک تلاش رہے ہیں۔