نئی دہلی: نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) ممنوعہ پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے کیڈرز کے خلاف ایک تازہ کریک ڈاؤن میں اترپردیش اور بہار سمیت ملک کے مختلف حصوں میں ایک درجن سے زیادہ مقامات پر تلاشی لے رہی ہے۔این آئی اے جن مقامات کی تلاش کر رہی ہے ان میں بہار میں 12، اتر پردیش میں دو، پنجاب کے لدھیانہ اور گوا میں ایک ایک جگہ شامل ہے۔
این آئی اے بہار کے ضلع دربھنگہ کے اردو بازار میں چھاپے مار رہی ہے۔ این آئی اے کی ٹیم دربھنگہ کے سٹی تھانہ علاقے کے اردو بازار میں واقع ڈاکٹر شارق رضا اور سنگھواڑا تھانہ علاقہ کے شنکر پور گاؤں کے رہنے والے محمد محبوب کے گھر پہنچی، جہاں ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ ساتھ ہی مظفر پور کے چکیا میں بھی این آئی اے کی کارروائی جاری ہے۔ بہار میں ایک اور جگہ موتیہاری میں این آئی اے کی ٹیم نے مشرقی چمپارن ضلع کے چکیا سب ڈویژن کے کنوا گاؤں میں چھاپہ مارا۔
مزید پڑھیں:۔ NIA Raids Across The Country پی ایف آئی کے خلاف دوبارہ کریک ڈاؤن کا آغاز، 180 کارکنان زیر حراست
معلومات کے مطابق این آئی اے کی ٹیم صبح تقریباً 4 بجے دربھنگہ اور مظفر پور پہنچی جہاں کئی مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ چھاپے پی ایف آئی تنظیم سے متعلق معاملات میں مارے گئے ہیں۔ این آئی اے کی ٹیم پی ایف آئی اور اس کے اوور گراؤنڈ کارکنوں کے خلاف ملک بھر میں چھاپے مار رہی ہے۔ معلومات کے مطابق بہار، یوپی اور مدھیہ پردیش سمیت کئی ریاستوں میں 17 مقامات پر یہ چھاپے مارے جا رہے ہیں۔