بھارت کے پہلے وزیراعظم پنڈت جواہر لال نہرو کی آج 132ویں سالگرہ ہے، پنڈت نہرو بچوں میں 'چاچا نہرو' کے نام سے جانے جاتے تھے، بچوں کے ساتھ ان کے خصوصی لگاؤ دیکھ کر 'یوم اطفال' بھی منایا جاتا ہے، ملک ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کررہا ہے۔
ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی نے انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے، انہوں نے ٹویٹ کیا، 'ملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کو ان کی یوم پیدائش پر انہں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
اس کے علاوہ کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے سابق وزیر اعظم جواہر لال نہرو کو ان کی یوم پیدائش پر خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے کہا 'بھارت اپنے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کا یوم پیدائش منارہا ہے۔ راہل نے مزید کہا 'انہوں (جواہر لال نہرو) نے بھائی چارہ، مساوات اور جدید نظریہ کے ساتھ ملک کی بنیاد رکھی، راہل گاندھی نے کہا کہ ہمیں ان اقدار کو برقرار رکھنے کی کوشش کرنی چاہیے۔'تاریخ میں 14 نومبر کی تاریخ آزاد بھارت کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کی سالگرہ کے طور پر قلمبند کی گئی ہے، اس دن کو یوم اطفال کے طور پر بھی منایا جاتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ جواہر لال نہرو 14 نومبر 1889 کو اترپردیش کے الٰہ آباد (اب پریاگراج) میں پیدا ہوئے، بچوں سے بہت پیار تھا اور بچے انہیں 'چاچا نہرو' کہتے تھے۔ سن 1964 تک بھارت میں 20 نومبر کو یوم اطفال منایا جاتا تھا، لیکن جواہر لال نہرو کی موت کے بعد ان کی سالگرہ یعنی 14 نومبر کو یوم اطفال کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ بہت سے ممالک میں یکم جون کو یوم اطفال کے طور پر منایا جاتا ہے، کچھ ممالک اقوام متحدہ کے اعلامیہ کے مطابق 20 نومبر کو یوم اطفال مناتے ہیں۔
جواہر لعل نہرو شیروانی اور کوٹ پر سرخ گلاب لگا تے تھے
بھارت کے پہلے وزیراعظم جواہر لعل نہرو کی شیروانی اور کوٹ پر روزانہ تازہ سرخ گلاب لگا نظر آتا تھا، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ آخر وہ ایسا کیوں کرتے تھے؟
بھارت کے پہلے وزیراعظم اور کانگریس کے رہنما جواہر لعل نہرو کی سرخ گلاب کے ساتھ ایک تصویر انسٹاگرام پر شیئر ہوئی ہے، جس سے اس بات کا انکشاف ہوا ہے۔
انسٹاگرام پر پوسٹ کی گئی تصویر میں بتایا گیا ہے کہ جواہرلعل نہرو اپنی اہلیہ کملا نہرو کی موت کے بعد ان کی یاد میں روزانہ ایک تازہ گلاب لگایا کرتے تھے۔خیال رہے کہ کملا نہرو ایک پرعزم اور شرمیلی خاتون کے طور پر جانی جاتی ہیں، کملا نہرو تمام دقیانوسی رسومات توڑتے ہوئے مضبوط عورت کی حیثیت سے ابھر کر بھارتی عوام کے سامنے آئیں۔انہوں نے اپنے شوہر جواہرلعل نہرو کے ساتھ مشترکہ طور پر بھارت کی آزادی کے لیے جدوجہد کی۔یاد رہے کہ سنہ 1938 میں سوئزرلینڈ کے ایک ہسپتال میں جواہر لعل کی اہلیہ ٹی بی سے جنگ لڑتے لڑتے ہار گئیں اور اس دنیا سے رخصت ہوگئیں۔
یہ بھی پڑھیں:
- Shyama Death Anniversary: لاکھوں دلوں کو جیتنے والی پرکشش نین نقش والی اداکارہ شیاما
- بی جے پی اور آر ایس ایس فرقہ پرست جماعتیں ہیں: محبوبہ مفتی
کملا نہرو نے بہادری اور عزم کی بہت سی سے داستان رقم کی ہیں، جنہیں کبھی بھی بھلایا نہیں جاسکتا۔ اس پوسٹ کے شیئر ہوتے ہی ہزاروں لائکس اور کمنٹز آنے لگے، صارفین نے اس پوسٹ پر اپنی پسندیدگی اور محبت کا اظہار کیا، جبکہ کچھ صارفین نے گلاب اور ہارٹ ایمیجیز بھی شیئر کی ہیں۔خیال رہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہوا ہے جب کانگریس کی جانب سے پرانی تصویریں شیئر کی گئی ہوں، اس سے قبل بھی سونیا گاندھی کی تصویریں شیئر کی گئی تھیں۔
پنڈت جواہر لال نہرو کا انتقال
سن 1962ء میں نہرو کی صحت خراب رہنے لگی تھی۔ سن 1964ء میں دہرادون سے واپسی پر نہرو جی کی طبیعت کچھ بہتر ہوئی اور وہ رات 11 بج کر 30 منٹ پر معمول کے مطابق آرام کرنے چلے گئے۔
صبح 6 بج کر 30 منٹ پر نہرو نے پیٹھ میں درد کی شکایت کی۔ ڈاکٹروں نے انہیں فوری طور پر دیکھا اور طبی امداد مہیا کی، تاہم جواہر لعل نہرو اچانک نیچے گر کر بے ہوش ہوگئے اور اس وقت تک بے ہوش رہے جب تک ان کی موت واقع نہ ہوگئی۔ اس طرح جواہر لعل نہرو کی وفات 27 مئی 1964ء میں ہوئی۔
لوک سبھا میں 27 مئی 1964ء کو وزیرِ اعظم جواہر لعل نہرو کے انتقال کی خبر 2 بجے دوپہر کو دی گئی جب کہ ان کی موت کی وجہ ہارٹ اٹیک بتائی جاتی ہے۔