قومی دارالحکومت دہلی میں دہلی حکومت اور ڈاکٹرز کے لیے تمام تر سہولیات مہیا کرانے میں مصروف ہے اور کرنی بھی چاہیے، کیونکہ وہ ہمارے لیے اپنی جان خطرے میں ڈال رہے ہیں لیکن ایک طبقہ ایسا بھی ہے جو کورونا واریئرز تو کہلاتا ہے لیکن اس کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جارہا ہے۔
دارالحکومت دہلی میں صفائی ملازمین تنخواہ نہ ملنے سے پریشان ہیں اس معاملے میں ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے پہلے بھی ملازمین سے بات کی تھی جس میں انہوں نے اپنی روداد سنائی تھی۔
تاہم کوئی بھی اقدام نہ کرنے پر اب اجمیری گیٹ وارڈ کے کونسلر راکیش کمار نے ملازمین کے حق میں آواز بلند کی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ 'این ڈی ایم سی کے تمام ملازمین کو تنخواہیں گذشتہ تین ماہ سے نہیں ملی ہیں جس کی ذمہ دار ریاستی حکومت ہے'۔
![عالمی وبا کوروناوائرس کے پیش نظر نئی دہلی میونسپل کارپوریشن میں صفائی کارکن کو کئی مہینوں سے تنخواہ نہیں ملی ہے](https://etvbharatimages.akamaized.net/etvbharat/prod-images/dl-cd-01-ndmcworkerwaitingtheresalary-byte-7200880_16052020135134_1605f_1589617294_909.jpg)
انہوں نے کہا کہ 'یہ وہ لوگ ہیں جو دہلی کی سڑکوں سے گندگی اٹھاتے ہیں اور اپنی جان خطرے میں ڈال کر علاقے علاقے گھومتے ہیں، لیکن اس کے باوجود انہیں ان کی محنت کی اجرت نہیں مل رہی ہے'۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'کورونا کے اس دور میں انہیں حکومت کی جانب سے نہ تو احتیاط کے لیے پرسنل پروٹیکٹیو ایکیوپمنٹ (پی پی ای) کٹز مہیا کرائی گئی ہے اور نہ ہی انہیں ماسک اور دستانے ہی دیے گئے ہیں، جبکہ میئر عوام کے دوسرے طبقہ کو راشن کٹز تقسیم کرتے ہوئے اپنی تصاویر سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرتے ہیں لیکن انہیں ان ملازمین کی فکر نہیں ہے جو ان کے ماتحت ہیں'۔