نئی دہلی: نیشنل ٹیلی میڈیسن ہیلتھ پروگرام کے 'ڈسٹرکٹ مینٹل ہیلتھ پروگرام' کے تحت ٹیلی مانس سروس سے اب تک ملک کے مختلف ریاستوں کے علاقوں سے دو لاکھ سے زیادہ لوگوں نے رابطہ کیا ہے۔ وزارت صحت وخاندانی بہبود نے ہفتہ کے روز یہاں بتایا کہ یہ پروگرام اکتوبر 2022 میں ملک میں دماغی صحت کی خدمات کو مضبوط بنانے کے لیے شروع کیا گیا تھا۔
مرکزی وزیر صحت وخاندانی بہبود مانسکھ منڈاویہ نے پروگرام کے اس کامیابی کے لیے ہم وطنوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ اس وقت ملک کی 31 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں 42 سے زیادہ ٹیلی مانس مراکز کام کر رہے ہیں۔ یہ مراکز 20 زبانوں میں روزانہ 1,300 سے زیادہ لوگوں کی خدمت کر رہے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ٹیلی مانس مراکز میں خدمات انجام دینے کے لئے1900 سے زائد کونسلرز کو تربیت دی گئی ہے۔ اس سروس میں سب سے عام شکایات میں ڈپریشن، بے خوابی، دباؤ اور کشیدگی میں مبتلا ہونا شامل ہیں۔ کونسلرز نے تقریباً سات ہزار لوگوں کو دوبارہ بلایا ہے تاکہ ان کی صحت کے بارے میں پوچھا جا سکے۔
ٹیلی مانس مراکز میں امتحانات کے دوران امتحان کی کشیدگی سے متعلق کال کرنے والوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ ٹیلی مانس سروس کا ٹول فری ہیلپ لائن نمبر: 14416 یا 1-800-891-441 ہے، جس میں کثیر لسانی خدمت دستیاب ہے اور رابطہ کرنے والے لوگ خدمات حاصل کرنے کے لیے اپنی پسند کی زبان کا انتخاب کر سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں: ذہنی امراض سے بچنے کیلئے سات چیزوں پر عمل پیرا رہنا ضروری
واضح رہے کہ مرکزی وزارت صحت وخاندانی بہبود کی جانب سے نیشنل ٹیلی میڈیسن ہیلتھ پروگرام کے 'ڈسٹرکٹ مینٹل ہیلتھ پروگرام' کے تحت ٹیلی مانس سروس پروگرام اکتوبر 2022 میں ملک میں دماغی صحت کی خدمات کو مضبوط بنانے کے لیے شروع کیا گیا تھا جس سے اب تک دو لاکھ سے زائد افراد نے فائدہ اٹھایا ہے اور ہنوز یہ سلسلہ جاری ہے۔
یو این آئی