کانگریس سینئر رہنماؤں سیم پترودا، نوجوت سنگھ سدھو اور جے ویر سنگھ گل نے یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ مودی حکومت نے سرکاری کمپنیوں کو برباد کرکے پرائیویٹ کمپنیوں کو آباد کیا ہے اور مودی حکومت ہر مورچے پر ناکام رہے ہیں ۔اس لیے ملک کےلیے شہادت دینے والے سابق وزیراعظم کا احترام کرنا بھی بھول گئے ہیں۔
پترودا نے کہا کہ مسٹرمودی نے گاندھی کی زمین سے ملک کے سابق وزیراعظم کےلیے ایسا تبصرہ کیاہے،جس پر سوچا بھی نہیں جاسکتا۔مسٹر مودی چار مراحل کے انتخابات میں یقینی طورپر ہار دیکھ کر صبر کھوبیٹھے ہیں اور اب بوکھلاہٹ میں اس حد تک گر کر تبصرہ کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انہیں مسٹر گاندھی کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا ہے۔گاندھی میں غیر معمولی قوت ارادی تھی اور اس کی نتیجہ میں ملک میں کمپیوٹر تکنیک سمیت کئی ٹیکنولوجی اکائیاں پیدا کی گئیں اور ہندوستان عالمی سطح پر مقابلہ کرنے کے قابل بنا۔
انہوں نے کہا کہ وہ مسٹر مودی کے سابق وزیراعظم کے بارے میں کئے گئے تبصرے سے دلبرداشتہ ہیں اور انہیں حیرت ہے کہ وزیراعظم اس حد تک کیسے گر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ مسٹر مودی نے کل کہاتھا کہ’’ سابق وزیراعظم مسٹر کلین کے طورپر سامنے آئے اور آخر میں ان کے دامن میں بدعنوانی کے داغ لگ گئے۔‘‘
مسٹر پترودا نے کہا کہ مودی حکومت نے دو کروڑ لوگوں کو روزگار دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن نتیجہ بالکل صفر رہا۔اسی طرح سے100شہروں کو اسمارٹ سٹی بنانے کی بات کی تھی لیکن نتیجہ صفر رہا۔کسانوں کی آمدنی بڑھانے کا وعدہ کیاتھا لیکن وہ اور کم ہوگئی۔
بی ایس این ایل،ایم ٹی این ایل اور ایئر انڈیا سمیت سیکڑوں سرکاری کمپنیاں دیوالیا ہونے کے دہانے پر پہنچ گئی ہیں۔تعلیم کا بجٹ گھٹایا گیا ہے۔ہر مورچے پر ناکام مودی اب بے تکے تبصرے کررہے ہیں۔