بھارتیہ شوٹر منو بھاکر کو جمعہ کو دہلی ایئر پورٹ پر بدسلوکی کا سامنا کرنا پڑا۔ ہوائی اڈے کے حکام نے انہیں بھوپال جانے والی پرواز میں سوار ہونے سے روک دیا۔ جس کے بعد انہوں نے ٹویٹر کے ذریعے اس معاملے میں مدد کے لئے وزیر کھیل کیرن رجیجو اور شہری ہوا بازی کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری سے درخواست کی۔
منو بھاکر نے کہا کہ میں مدھیہ پردیش شوٹنگ اکیڈمی میں پریکٹس کرنے جارہی ہوں۔ اس دوران میری بندوق بھی موجود ہے، جس کی وجہ سے افسران نے مجھے پرواز میں سوار ہونے کی اجازت نہیں دی اور مجرموں جیسا سلوک کیا۔
اس کے بعد معاملے میں کیرن رجیجو کی مداخلت کے بعد منو بھاکر بالآخر پرواز میں سوار ہوئی۔ انہوں نے اس کے لئے رججیجو کا بھی شکریہ ادا کیا۔
منو بھاکر نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ ''اگر ایئر انڈیا منوج گپتا اور دوسرے سکیورٹی اہلکاروں جن کی میں نے تصویر شیئر کی ہے، ان کی پشت پناہی کرے گا تو ایئر انڈیا کی ساکھ کو مزید نقصان پہنچے گا۔ انہوں نے میرا موبائیل بھی چھین لیا اور اس میں سے تصویروں کو ڈیلیٹ کر دیا جو میری ماں نے بدسلوکی کے دوران کھینچی تھی'' اس کے ساتھ ہی انہوں نے اس ٹویٹ کو مرکزی وزیر ہردیپ پوری کے ساتھ ٹیگ کر دیا جس کے بعد کاروائی ہوئی۔
اس کے بعد منو بھاکر نے مرکزی وزیر کرن ریجیجو کا شکریہ بھی ادا کیا۔