نئی دہلی: دہلی شراب کی پالیسی 2021-22 میں مبینہ بے ضابطگیوں کے سلسلے میں مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی الگ الگ گرفتاری کے بعد تہاڑ جیل میں بند عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر اور دہلی کے سابق نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کی عدالتی حراست میں بدھ کو 17 اپریل تک توسیع کر دی گئی۔ایم کے ناگپال کی خصوصی عدالت نے ای ڈی کے ذریعہ درج منی لانڈرنگ کیس میں مرکزی جانچ ایجنسی کی درخواست پر سسودیا کی عدالتی تحویل میں توسیع کا حکم دیا۔خصوصی عدالت نے سسودیا کی ضمانت کی عرضی پر سماعت کے لیے 12 اپریل کی تاریخ مقرر کی ہے۔اس سے پہلے، 3 اپریل کو، اس عدالت نے ملزم لیڈر کو سی بی آئی کے ذریعہ درج کیس میں 17 اپریل کو عدالتی تحویل میں بھیجنے کا حکم دیا تھا۔
خصوصی عدالت نے 31 مارچ کو ایکسائز پالیسی میں مبینہ بے ضابطگیوں کے سلسلے میں سی بی آئی کی طرف سے درج ایف آئی آر میں مسٹر سسودیا کی ضمانت کی عرضی کو مسترد کر دیا تھا۔سابق نائب وزیر اعلیٰ سسودیا کو سی بی آئی نے طویل پوچھ گچھ کے بعد 26 فروری کو گرفتار کیا تھا۔ بعد میں، سسودیا کو خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سی بی آئی کی درخواست پر انہیں 4 مارچ تک مرکزی جانچ ایجنسی کی تحویل میں بھیج دیا گیا، جس کی مدت ختم ہونے پر مزید دو دن کے لیے سی بی آئی کی تحویل میں بھیجنے کا حکم دیا گیا تھا۔ سی بی آئی کی حراست ختم ہونے کے بعد انہیں عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا تھا۔ سی بی آئی نے 17 اگست 2022 کو مسٹر سسودیا اور 14 دیگر لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: Delhi Liquor Scam سسودیا کی عدالتی حراست میں سترہ اپریل تک توسیع
یو این آئی