نئی دہلی: آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین دہلی کی جانب سے صدر دفتر ہوٹل ریورویو میں میڈیا سے وابستگان کارکنان اور صحافیوں کے لیے افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں بیشتر میڈیا ہاؤس کے صحافیوں اور کارکنان نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایم آئی ایم کے دہلی صدر کلیم الحفیظ نے کہا کہ ملک اس وقت انتہائی نازک دور سے گزررہا ہے۔ ایک طرف مہنگائی،بے روزگاری اور بھک مری ہے تو دوسری طرف سماج دشمن عناصر فرقہ واریت کو بڑھاوا دے رہے ہیں، اس لیے فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے میں میڈیا کو اپنا مثبت رول ادا کرنا چاہیے۔Kaleem Ul Hafeez On Mainstream Media
کلیم الحفیظ نے کہا کہ گودی میڈیا ملک کو نقصان پہنچانے میں لگا ہے، وہ رات دن سماج میں نفرت اور عداوت کو بڑھاوا دینے والی خبریں پیش کررہا ہے۔ اسے ملک میں بڑھتی ہوئی غربت اور بے روزگاری سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ اب یہ سوشل میڈیا اور یوٹیوب میڈیا سے جڑے صحافیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ سماج کے سامنے سچائی پیش کریں۔
انہوں نے کہا کہ مین اسٹریم میڈیا پوری طرح خود غرض ہوگیا ہے، لیکن میں آپ سب کو مبارکباد دیتا ہوں کہ آپ لوگ جھوٹ کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں، میں آپ کی جرأت و ہمت کو سلام کرتا ہوں۔ صدر مجلس نے کہا کہ فسطائی طاقتیں ملک کے سماجی تانے بانے کو ختم کر دینا چاہتی ہیں۔ تہوار جو خوشیاں لاتے تھے، انہیں خوف اور دہشت کا عنوان بنا دینا چاہتی ہیں۔ مسلمانوں کو ہدف بنا کر خبریں شائع کی جارہی ہیں۔ لیکن ایسا کرکے وہ ملک کا ہی نقصان کررہی ہیں۔
کلیم الحفیظ نے کہا کہ صحافی سماج کا سب سے بیدار شخص ہوتا ہے۔ اس لیے سماج کو بیدار کرنا اس کی اہم ذمہ داری ہے۔ مجلس دہلی اپنی موجودہ کامیابی میں آپ سب کو حصے دار سمجھتی ہے، آپ کی محبتوں نے مجھے ہمت عطا کی ہے۔ امید ہے کہ آئندہ بھی آپ کی مدد مجھے حاصل رہے گی۔ اجتماعی افطار کا اہتمام ہوٹل ریور ویو ابوالفضل انکلیو جامعہ نگرمیں کیا گیا تھا۔ مختلف اخبارات، ٹی وی چینلس اور سوشل میڈیا سے وابستہ افراد نے افطار میں شرکت کی۔ میڈیا انچارج عبدالغفار صدیقی نے شرکا ء کا شکریہ ادا کیا۔