کانگریس کی ترجمان پرینکا چترویدی نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران میڈیا کو بتایا کہ مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی نے امیٹھی لوک سبھا حلقہ میں اپنی امیدواری کا اعلان کرتے ہوئے ایک حلف نامہ داخل کیا ہے جس میں انہوں نے اپنی تعلیمی قابلیت انٹرميڈیٹ پاس اور دہلی یونیورسٹی کے مفت تعلیم اسکول میں بی كام کورس میں داخلہ بتایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر نے اپنی تعلیمی قابلیت کے متعلق اس سے پہلے الیکشن کمیشن، لوک سبھا، راجیہ سبھا اور کورٹ میں پیش کردہ حلف ناموں میں مختلف معلومات دی ہے۔
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ان کے پاس امریکہ کی ییل یونیورسٹی کی گریجویشن کی ڈگری ہے۔
کانگریس کی ترجمان نے کہا کہ متحرمہ ایرانی نے تعلیمی قابلیت کے تعلق سے مختلف حلف نامہ دے کر عوامی نمائندگی قانون 1955 کی دفعہ 125 اے اور 33 کی خلاف ورزی کی ہے۔
اس کے علاوہ یہ بھارتی آئین کے تحت بھی قابل جرم عمل ہے۔
کانگریس کی رہنما نے الزام عائد کیا کہ اسمرتی ایرانی نے مرکزی وزیر کے عہدے پر فائز رہتے ہوئے اپنے اختیارات اور اثرو رسوخ کا غلط استعمال کیا ہے۔ اس لیے انہیں اخلاقی طور پر مرکزی وزیر کے عہدے سے استعفی دینا چاہیے۔