نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے جمعہ کو کہا کہ حکومت دہلی کے دو کروڑ لوگوں کے ساتھ سردیوں کے موسم میں فضائی آلودگی سے نمٹنے کے لئے تیار ہے اور پچھلے سال کی طرح اس بار بھی پرالی گلانے کے لئے مفت بائیو ڈی کمپوزر محلول کا اسپرے کیا جائے گا۔ کیجریوال نے آلودگی سے نمٹنے کے لیے 15 نکاتی سرمائی ایکشن پلان کا اعلان کیا۔Kejriwal On Winter Action Plan
انہوں نے کہا کہ ’سردی آنے والی ہیں اور ہم دیکھتے ہیں کہ سردیوں میں دہلی میں آلودگی بڑھ جاتی ہے۔ دہلی حکومت نے سردیوں میں آلودگی پر قابو پانے کی تیاری کر لی ہے۔ اس کا پورا پلان تیار کر لیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ کئی میٹنگ ہو چکی ہیں۔ جب سے دہلی میں عام آدمی پارٹی کی حکومت بنی ہے پچھلے سات سالوں سے دہلی کے دو کروڑ لوگوں نے دہلی کو آلودگی سے نجات دلانے کے لیے بہت سے اقدامات کیے ہیں اور سخت محنت کی ہے۔
اس کے نتیجے میں حکومت ہند کے نیشنل کلین ایئر پروگرام (این سی اے پی) کی رپورٹ کے مطابق 2017-18 کے مقابلے 2021-22 (پچھلے چار سالوں میں) دہلی کی فضائی آلودگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ پی ایم 10 کی سطح میں 18.6 فیصد کمی آئی ہے۔ دہلی کے لوگوں نے مل کر گزشتہ سات سالوں میں فضائی آلودگی سے نجات کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں۔ اس میں 10 بڑے اقدامات نے دہلی کی فضائی آلودگی پر سب سے زیادہ اثر ڈالا ہے۔ اس کے لیے تمام دہلی والے مبارکباد کے مستحق ہیں۔'
وزیر اعلیٰ نے کہاکہ 'پہلے دہلی میں بہت زیادہ بجلی جایا کرتی تھی۔ جب بجلی جاتی تھی تو جنریٹر چلتے تھے اور اس سے ڈیزل سے فضا آلودہ ہو جاتا تھا۔ جب سے دہلی میں ہماری حکومت بنی ہے، ہم نے دہلی میں 24 گھنٹے بجلی فراہم کی ہے۔ چنانچہ دہلی میں جنریٹر چلنا بند ہو گئے۔ اس ایک قدم کی وجہ سے دہلی کی آلودگی میں کافی کمی آئی ہے۔ دہلی میں دو تھرمل پاور پلانٹ تھے۔
ان پلانٹ سے آلودگی کے بہت باریک ذرات خارج ہوتے تھے۔ اس سے آلودگی پھیلی۔ ہم نے دونوں تھرمل پاور پلانٹس بند کر دیے اور ہمیں کہیں اور سے بجلی ملی۔ ہم نے دھول سے ہونے والی آلودگی سے بھی سختی سے نمٹا ہے۔ جتنے کنسٹرکشن سائٹس تھے وہاں پر چھان بین کی گئی اور جہاں بھی بے ضابطگیاں پائی گئیں وہاں بھاری جرمانے عائد کئے گئے۔
تمام نئی تعمیراتی سائٹس پر ریئل ٹائم مانیٹرنگ کے لیے ایک ویب پورٹل بنایا گیا ہے جو یہ جانچتا رہتا ہے کہ آیا اس جگہ پر آلودگی ہو رہی ہے یا نہیں۔ تمام رجسٹرڈ صنعتوں میں ماضی میں بہت آلودگی پھیلانے والا ایندھن استعمال کیا جاتا تھا۔ ہم نے سب کچھ بدل دیا اور اب تمام رجسٹرڈ صنعتیں پی این جی فیول استعمال کرتی ہیں۔ پی این جی آلودگی نہیں کرتا۔ میں اس کے لیے انڈسٹری کے تمام لوگوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔ ہم سب کو اس کی طرف سے بہت تعاون ملا۔'
یو این آئی