نئی دہلی: دہلی حج کمیٹی کو نیا چیئرپرسن مل گیا ہے۔ جمعرات کو ہوئے انتخابات میں بی جے پی کی کارکن کوثر جہاں دہلی حج کمیٹی کی نئی چیئرپرسن منتخب ہوئی ہیں۔ حج کمیٹی کی تاریخ میں یہ دوسرا موقع ہے جب کوئی خاتون اس عہدے پر منتخب ہوئی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق طویل تنازعات کے بعد کوثر جہاں دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن منتخب ہوئی ہیں، کوثر جہاں کو تینوں ووٹ ملے ہیں، جس میں ممبر پارلیمنٹ کے زمرے سے گوتم گھمبیر اور اسلامک سکالر کی جانب سے محمد سعد نے انہیں ووٹ دے کر چیئرمین کے عہدے پر فائز کیا۔ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرمین منتخب ہونے کے بعد ای ٹی وی بھارت کے نمائندہ سے بات کرتے ہوئے کوثر جہاں نے بتایا کہ 'انہیں چیئرپرسن بنائے جانے کے پیچھے وزیراعظم مودی کا وہی خواب تھا جو وہ ہر خواتین کے لیے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میری جیت میں میرے پارٹی کا بڑا کردار ہے، اب میں اپنی جانب سے عازمین حج کیلئے وہ تمام خدمات انجام دوں گی جو ان کے لیے ضروری ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ وہ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین کے عہدے پر سیاست کرنے نہیں بلکہ خدمت کرنے کے جذبے سے ہوں گی، ان کی پہلی کوشش رہے گی کہ تمام عازمین کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جائے اور سعودی عرب، شہر مکہ اور مدینہ میں حج کے دوران انہیں کسی قسم کی کوئی دشواری پیش نہ آئے۔
مزید پڑھیں:
دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی میں رکن اسمبلی زمرے کے لیے نوٹیفکیشن جاری
قابل ذکر ہے کہ جب سے دہلی حج کمیٹی کے ممبران کا اعلان کیا گیا تھا تب سے ہی اس پر مسلسل سیاست کی جارہی تھی۔ دہلی سرکار اور لیفٹنینٹ گورنر کے درمیان نورا کشتی کا کھیل مہینوں سے جاری ہے۔