ریاستی الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق ریاست کی 13 اسمبلی نشستوں پر چترا، گملا، بشن پور، لوہردگا، منیكا، لاتیہار، پانكی، ڈالٹن گنج، بشرام پور، چھترپور، حسین آباد، گڑھوا اور بھوناتھ پور میں چند تشدد کے واقعات کو چھوڑ کر سخت سکیورٹی انتظامات کے درمیان پرامن طریقے سے ہوئی پولنگ تین بجے ختم ہوئی۔
اس دوران تقریباً 62.87 فیصد رائے دہندگان نے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔
سب سے زیادہ پولنگ ووٹ گملا اسمبلی حلقہ میں ہوئی جہاں تقریباً 67 فیصد رائے دہندگان رائے دہی کیا وہیں چترا اسمبلی نشست پر 56.59 فیصد، بشن پور میں 67.04 فیصد، لوہردگا میں 64.16 فیصد، لاتیہار میں 61.26 فیصد، پانكی میں 64.10 فیصد، ڈالٹن گنج میں 63.90 فیصد، بشرام پور میں 61.60 فیصد، چھتر پور میں 62.30 فیصد، حسین آباد میں 60.90 فیصد، گڑھوا میں 66.04 فیصد بھوناتھ پور میں 65.52 فیصد اور منیكا میں 57.61 فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق رائے دہندگان نے کافی جوش و خروش کے ساتھ پولنگ میں حصہ لیا جبکہ پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد بھی ووٹ دینے کے لیے لوگ قطار میں کھڑے نظر آئے جس سے پولنگ فیصد میں اضافے کا امکان ہے۔
تمام پولنگ مراکز پر معذوروں اور بزرگوں کے لیے بھی بہتر انتطامات کئے گئے تھے جس سے ان میں خوشی دیکھی گئی اور انہوں نے انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے خصوصی انتظامات کی تعریف کی۔
اس دوران نکسلیوں نے گملا اور لاتیہار ضلع کی سرحد سے منسلک بشن پور اسمبلی حلقہ میں گھاگھرا۔كٹھوكوا سڑک پر بم دھماکہ سے ایک پل کو منہدم کر دیا جس کے بعد پولنگ کے دوران سکیورٹی پر تعینات پولیس اہلکار فوراً موقع پر پہنچ گئے، اگرچہ اس دھماکے میں کسی بھی قسم کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
دوسری جانب جھارکھنڈ کے سابق وزیر اور پلامو ضلع میں ڈالٹن گنج اسمبلی حلقہ سے کانگریس پارٹی کے امیدوار کے این ترپاٹھی پر چین پور تھانہ علاقہ کے مجھگاوا میں حملہ ہونے کی اطلاع بھی موصول ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق ڈالٹن گنج کے رکن اسمبلی آلوک چورسیا کے حامیوں نے کے این ترپاٹھی پر حملہ کرکے ان کی پٹائی کی نیز ان کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچا یا۔
اس بابت کے این ترپاٹھی نے کہا کہ 'انہوں نے الیکشن کمیشن سے چین پور کے کئی پولنگ مراکز پر ووٹنگ منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے لیکن ریاست کی رگھوور داس حکومت کے اشارے پر ضلع انتظامیہ نے کوئی کارروائی نہیں کی۔
اس کے علاوہ ریاست میں کہیں سے بھی کسی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ہے۔
واضح رہے کہ پہلے مرحلے کی پولنگ والی 13 اسمبلی نشستوں کے لیے اہل ووٹروں کی تعداد تین لاکھ 72 ہزار 433 ہے جس میں ایک لاکھ 95 ہزار 90 مرد، ایک لاکھ 77 ہزار 341 خواتین ہیں
انہوں نے بتایا کہ مجموعی طور پر 4892 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں، جن میں سے 4585 دیہی اور 307 شہری علاقوں میں ہیں، ان تیرہ نشستوں کی انتخابی دوڑ میں 189 امیدوار شامل ہیں، سب سے زیادہ 28 امیدوار بھوناتھ پور سیٹ سے جبکہ سب سے کم نو چترا سیٹ سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔
ان سبھی اسمبلی حلقہ میں جن سینیئر رہنماؤں کی قسمت کا فیصلہ ای وی ایم میں قید ہوگیا ان میں لوہردگا سیٹ سے جھارکھنڈ کانگریس کے صدر ڈاکٹر رامیشور اوراؤں اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے سکھدیو بھگت، وشرام پور سے ریاست کے وزیر صحت رام چندر چندرونشی، چھترپور سے آل جھارکھنڈ اسٹوڈنٹس یونین (اجسو) کے رادھا كرشن کشور،حسین آباد سے کشواہا شیو پوجن مہتا اور بھوناتھ پور سے بی جے پی امیدوار بھانو پرتاپ ساہی شامل ہیں۔