جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے اڈیشہ کے بالاسور میں ہوئے ٹرین حادثے پر گہرے دکھ اور قلق کا اظہار کیا ہے اور سرکار کو متوجہ کیاہے کہ حادثے کے اسباب سے متعلق ایماندارانہ انکوائری کرائی جائے اور جو بھی خامیاں ہیں ، ان کی اصلاح کی جائے ، نیز جو لوگ زخمی ہیں ان کے لیے بہتر علاج و معالجہ کا بندوبست کیا جائے۔ مولانا مدنی نے اس موقع پر مرنے والوں کے اہل خانہ سے یک جہتی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے اور جو لوگ زخمی ہوئے ہیں ان کی جلد صحت یابی کی دعاء کی ہے۔
اس درمیان جمعیۃ علماء اڈیشہ کے ذمہ داران متاثرین کی ہر ممکن مدد کررہے ہیں اور زخمیوں کو ہسپتال تک پہنچانے کے عمل میں تعاون کررہے ہیں ۔جمعیۃ علماء اڈیشہ کا ایک وفد کٹک کے سول ہسپتال میں خیمہ زن ہے، جہاں اس وقت دو سو کے قریب مریض زیر علاج ہیں اور زخمیوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ۔جائے وقوع سے لوگوں کو ہسپتال لے جانے کے لیے جمعیۃ کی طرف سے مزید ایمبولینس مہیا کرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Odisha Train Accident 'کورومنڈل ایکسپریس پوری رفتار میں تھی، اسے روکنا ممکن نہیں تھا...'، اوڈیشہ ٹرین حادثے پر ریلوے کا بیان
جمعیۃ علماء اڈیشہ کے جنرل سکریٹری مولانا اکرم تقی نے بتایا کہ جمعیۃ کے وفد نے کٹک ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی ، یہ واقعہ بہت ہی افسوس ناک ہے ، کئی لوگ تو ہسپتال میں ہیں ، لیکن اپنے ساتھی رشتہ دار کی ز ندگی کے بارے میں ان کو کچھ پتہ نہیں۔ اس کے علاوہ جمعیۃ کا ایک وفد جائے وقوع پر بھی پہنچا ہے۔ ہسپتال میں جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء اڈیشہ کے علاوہ مفتی فیض الباری ناظم جمعیۃعلماء ضلع کھوردہ، حافظ فخرالدین مہتمم مدرسہ فیض القرآن،مولانا سعد غزالی قاسمی، جنا ب شکیل وغیرہ موجود ہیں۔ جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی ریاستی جمعیۃ کے ذمہ داروں کے ساتھ لگاتار رابطے میں ہیں۔