انڈین ریلوے بنگلہ دیش ریلوےکی تجدید کاری میں مدد کرےگی اور بنگلہ دیش ریلوے انڈین ریلوے کو شمال مشرقی علاقے سے ریلوے رابطہ اور کاروبار کی سہولت کے لیے تعاون کرے گی۔
ریلوے وزیر پیوش گوئل اور ریلوے کے وزیر مملکت سریش سی انگڑی اور بنگلہ دیش کے ریلوے کے وزیر محمد نظرالاسلام سوجان کے درمیان ایک وفد سطح کی بات چیت میں یہ فیصلہ کیاگیا۔
پیوش گوئل اور محمد نظرالاسلام سوجان نے نامہ نگاروں سے بات چیت میں بتایا کہ کولکاتا اور ہاوڑہ کے درمیان چلنے والی میتری ایکسپریس اور کولکاتا سے کھلنا کے درمیان چلنے والی بندھن ایکسپریس کے پھیرے بڑھانے کا بھی فیصلہ کیاگیا ہے۔
میتری ایکسپریس ہفتے میں چار کے بجائے چھ دن چلے گی، جبکہ ہفتے میں ایک روز چلنے والی بندھن ایکسپریس تین دن چلا کرےگی۔
پیوش گوئل نے کہا کہ بنگلہ دیش کے ریلوے افسران بھارتی ریلوے کے ٹریننگ سینٹرز میں مفت تربیت حال کرسکیں گے۔
بھارتی ریلوے بنگلہ دیش کے ریلوے نیٹ ورک اور سٹیشنز کی تجدید کاری،گاڑیوں کی رفتار بڑھانے مین تعاون کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ میٹنگ میں بھارت کے شمال مشرقی علاقے کے ساتھ آسان پہنچ بنانے کے لیے اور بنگلہ دیش کی بندرگاہوں سے شمال مشرق میں کاروبار اور مال ڈھلائی کی سہولت کے سلسلے میں بھی بات ہوئی ہے اور بنگلہ دیش نے اس بارےمیں مثبت تعاون دینے کی یقین دہانی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اکتوبر میں بنگہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ بھارت آئیں گی، اس وقت وزیراعظم نریندرمودی اور حسینہ مشترکہ طور پر جوائنٹ ریلوے پروجیکٹز کا افتتاح کریں گے۔
پیوش گوئل نے میٹنگ کے بعد اپنے دفتر میں مہمان رہنما اور ان کے ساتھی نمائندوں کو ریلوے درشٹی پورٹل اور ڈیش بورڈ کو دکھایا۔
اس ڈیش بورڈ پر مالی اور آمدورفت سے متعلق ریل ٹائم معلومات اور ریلوے کے رسوئی گھروں کی لائیو سٹریمنگ ہوتی ہے۔