ملک بھر میں جہاں کرونا وائرس نے اپنا قہر برپا رہا ہے وہیں کچھ غیر سماجی عناصر بھی ہیں جو لوگوں کے دلوں میں نفرت گھولنے کا کام کر رہے ہیں۔
ایسی ہی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک سشیل تواری نامی ایک شخص اپنی ویڈیو کے ذریعہ مسلم حجام سے زلفیں تراشوانے سے منع کر رہا ہے۔
ہندو آرمی سے اپنے آپ کو منسلک بتانے والے یہ شخص کہتا ہے کہ جس طرح سے ہم نے ملک بھر میں سبزی فروش مسلمانوں سے سبزی خریدنے کا عہد کیا ہے ویسے ہی اب وقت حجاموں سے کنارا کرنے کا ہے۔
اس ویڈیو میں معروف زلف تراش جاوید حبیب کا نام لیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان کے جیسے نام والوں اور تبلیغی جماعت سے جڑے ہوئے تمام لوگوں کا بائیکاٹ کیا جائے اور ہندو حجاموں سے ہی اپنے بال کٹوائیں اور اگر کوئی حجام نہ ملے تو ہندو آرمی سے رابطہ کریں۔
قابل ذکر ہے کہ گذشتہ روز قبل ہی ایسے متعدد واقعات سامنے آئے تھے جب مسلم سبزی فروش کو سبزی فروخت کرنے سے ہی انکار کر دیا گیا تھا اور ان کے ساتھ مار پیٹ کی بھی خبریں سامنے آئی تھیں سبزی فروش کے بعد حجاموں کے بائیکاٹ کی اپیل کی گئی ہے۔