دہلی ہائی کورٹ آج نجی اسپتالوں کو اپنے آئی سی یو وارڈ میں 80 فیصد بیڈ کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے لیے مختص کرنے کے ایک معاملے پر سماعت کرے گا۔
دہلی حکومت کے آرڈر پر ہائی کورٹ کی روک کے خلاف دائر ایک عرضی پر سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کو اس معاملے پر سماعت کرنے کا حکم دیا ہے۔
گزشتہ 10 نومبر کو سپریم کورٹ نے دہلی کے نجی اسپتالوں کو اپنے آئی سی یو وارڈ میں 80 فیصد بیڈ، کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے لیے مختص رکھنے کے دہلی حکومت کے فیصلے پر ہائی کورٹ کی جانب سے لگی روک کو ہٹانے سے انکار کردیا تھا۔
سپریم کورٹ نے دہلی حکومت کو ہائی کورٹ جانے کے لیے کہا تھا، سپریم کورٹ نے دہلی ہائی کورٹ کو 12 نومبر کو اس معاملے پر سماعت کرنے کے لیے کہا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ 22 دسمبر کو ہائی کورٹ کی سنگل بینچ نے دہلی حکومت کے آرڈر پر روک لگادی تھی، جسٹس نوین چاؤلہ کی بینچ نے دہلی حکومت آرڈر کو آئین کی دفعہ 21 کے خلاف بتایا تھا۔
سنگل بینچ کے اس فیصلے کے خلاف دہلی حکومت نے ہائی کورٹ کی ڈویژن بینچ میں عرضی داخل کی ہے۔ گزشتہ 28 ستمبر کو چیف جسٹس ڈی این پٹیل کی صدارت والی بینچ نے سنگل بینچ کے حکم پر روک لگانے سے انکار کردیا تھا۔