نئی دہلی: باقاعدہ مسافر پروازوں کی طرح چارٹرڈ فلائٹ کے مسافروں کے لئے بھی آروگیہ سیتو ایپ کا استعمال یا خود اعلان لازمی قرار دیا گیا ہے۔
شہری ہوابازی کی وزارت نے ایک حکم جاری کرکے چارٹرڈ فلائٹ کے مسافروں کے لئے رہنما اصول طے کئے ہیں۔اس میں کہا گیا ہے کہ اہل فون ہونے پر مسافروں کے لئے آروگیہ سیتوایپ کا استعمال ضروری ہوگا۔ ایپ میں گرین سگنل آنے پر ہی انہیں ہوائی اڈہ پر بورڈنگ کے لئے جانے دیا جائے گا۔ چودہ سال سے کم کے مسافر اس سے استثنیٰ ہوں گے۔ اگر فون ایپ کے لئے اہل نہیں ہے تو مسافروں کو خود اعلان کرنا ہوگا کہ وہ کنٹینمنٹ زون میں نہیں رہ رہے ہیں اور کووڈ-19 کے مریض نہیں پائے گئے ہیں۔ساتھ ہی انہیں یہ بھی بتانا ہوگا کہ ان میں کووڈ-19 کی علامات نہیں ہیں۔
ہوائی اڈے پر ان مسافروں کی اسکریننگ اور سیکیورٹی چیک بھی دوسرے مسافروں کی طرح ہی ہوگی۔جہاں باقاعدہ پروازوں کے مسافروں کو کم سے کم دو گھنٹہ قبل ایئرپورٹ پہنچنا ضروری ہوگا وہیں چارٹرڈ فلائٹ کے مسافروں کو کم از کم 45 منٹ پہلے پہنچنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
آپریٹروں سے کہا گیا ہے کہ وہ مسافر کا فون نمبر اور پورا پتہ لے کر متعلقہ ریاستوں کے ساتھ شیئر کریں۔ساتھ ہی اس کا ریکارڈ وہ خود بھی رکھیں تاکہ کسی مسافر کو بعد میں کووڈ-19 سے متاثر پائے جانے پر اس کے رابطے میں آئے دیگر مسافروں کی شناخت میں آسانی ہوسکے۔عملے کے ممبران کو پی پی ای کٹ میں ہونا ضروری کیا گیا ہے۔جہاز میں مسافروں کو کھانانہیں دیا جائے گا۔آپڑیٹر کو طیارہ باقاعدہ جراثیم کش کرنا ہوگا۔