اس مرتبہ حج پر نہ جانے والوں کو حج کمیٹی کے ذریعہ رقم اور ان کے پاسپورٹ واپس کر دیے گئے ہیں۔ دہلی حج کمیٹی کے ایگزیکیوٹیو آفیسر کے مطابق کورونا کی وجہ سے صرف ایک ہزار افراد نے حج کیا ہے، جبکہ بھارت سمیت کسی دوسرے ملک کے شہری اس سال حج پر نہیں جاسکے ہیں۔
حج کمیٹی آف انڈیا نے اس سال دہلی سے منتخب ہونے والے تمام افراد کی رقم ایک ماہ میں واپس کرنے کا اعلان کیا تھا، جب کہ محرم کے بغیر سفر پر جانے کے لئے منتخب ہونے والی خواتین اسی طریقہ کار کے ساتھ اگلے سال حج پر جائیں گی۔
ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے دہلی حج کمیٹی کے ایگزیکیوٹیو آفیسر اشفاق احمد عارفی نے بتایا کہ کورونا کی وجہ سے اس سال کوئی بھی عازم بھارت سے حج پر نہیں جاسکا، حج کمیٹی آف انڈیا نے صرف محرم کے بغیر حج کے لئے منتخب ہونے والی خواتین کے علاوہ تمام منتخب امیدواروں کی رقم واپس کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے مطابق دہلی کے تمام امیدواروں کی رقم واپس کردی گئی ہے۔
اشفاق عارفی نے کہا کہ کورونا اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے پیدا ہونے والے معاشی بحران کی وجہ سے کچھ درخواست دہندگان اپنے پیسے جمع نہیں کراسکے تھے، جبکہ بیشتر نے جمع کروا دیا تھا۔
ایگزیکیوٹیو آفیسر نے بتایا کہ ہر بار درخواست کے عمل کے فورا بعد دہلی سے پاسپورٹ سنٹرل کمیٹی بھیجے جاتے ہیں۔ اس بار بھی تمام تیاریاں ہوچکی تھیں لیکن کورونا کی وجہ سے فوری طور پر لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا اور پاسپورٹ نہیں بھیجے جاسکے لہذا تمام پاسپورٹ دہلی کمیٹی کے پاس ہی تھے، عازمین کی رقم مرکزی کمیٹی کے ذریعہ واپس کردی گئی ہے جبکہ پاسپورٹ دہلی حج کمیٹی سے واپس کیے گئے۔ پاسپورٹ کچھ لوگوں کے علاوہ سب کو واپس دے دیا گیا ہے۔
حج کمیٹی آف انڈیا کے اعلان کے مطابق حج درخواست گزاروں کی رقم مقررہ وقت کے اندر ان کے کھاتوں میں واپس کردی گئی ہے، اگلے سال کے لئے تمام لوگ دوبارہ حج پر جانے کے لئے درخواست دیں گے اور منتخب ہونے کے لئے لاٹری کے عمل سے گزریں گے۔ جبکہ محرم کے بغیر جانے والی خواتین اس سال کی درخواست سے ہی حج کے سفر پر جاسکیں گی۔