نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے تحریک چلا رہے کسانوں کو بات چیت کی پیشکش دہراتے ہوئے آج کہا کہ حکومت زرعی اصلاحات قوانین کے معاملہ میں اپنی 22 جنوری کی تجویز پر اب بھی قائم ہے اور وزیر زراعت کو ایک فون کال کرکے بات چیت کو بڑھایا جاسکتا ہے۔
مودی نے یہ بات یہاں پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے موقع پر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ کل جماعتی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہاکہ حکومت کھلے دماغ سے زرعی قوانین کے معاملہ پر غور کررہی ہے۔حکومت کا موقف ویسا ہی ہے جیسا 22جنوری کو تھا اور وزیر زراعت نریندر سنگھ کی طرف سے پیش کی گئی تجویز اب بھی قائم ہے۔ انہوں نے دہرایا کہ وزیر زراعت کو صرف ایک فون کال کرکے بات چیت کو آگے بڑھایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ تومر نے کسانوں سے جو کہا اسے ہم دہرانا چاہتے ہیں۔ ہم نے کہا ہے کہ ہم عام رضامندی تک نہیں پہنچ رہے ہیں لیکن ہم آپ کو تجویز دے رہے ہیں کہ آپ غور و خوض کرسکتے ہیں۔ میں صرف ایک فون کال کی دوری پر ہوں۔ حکومت کی تجویز اب بھی وہی ہے۔ مہربانی کرکے اسے اپنے پیروکاروں تک پہنچائیں۔ اس کا حل بات چیت کے ذریعہ ہی نکلے گا۔ ہم تمام کو قوم کے بارے میں سوچنا چاہئے۔