نئی دہلی: ایشیا کی سب سے محفوظ مانی جانے والی تہاڑ جیل میں ایک بار پھر قیدی کے قتل کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ دراصل دہلی کا بدنام زمانہ بدمعاش تلو تاجپوریا کا جیل میں قتل کر دیا گیا ہے۔ یہ واقعہ منگل کی صبح سات بجے پیش آیا۔تہاڑ جیل میں بند گینگسٹر تلو تاجپوریا پر جیل نمبر 8 میں بند یوگیش ٹنڈا نے لوہے کی گرل سے حملہ کیا۔ جس میں تلو کے ساتھ ایک اور قیدی روہت بھی زخمی ہو گیا۔ دونوں کو دیال اپادھیائے اسپتال لایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے تلو کو مردہ قرار دے دیا۔ وہیں زخمی روہت کا علاج جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ضلع مغربی کے ایڈیشنل ڈی سی پی اکشت کوشل سے موصولہ اطلاع کے مطابق صبح پولیس کو دین دیال اسپتال سے اطلاع ملی تھی کہ تہاڑ جیل کے دو قیدیوں کو دین دیال اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ جس میں تلّو تاجپوریا کی حالت انتہائی نازک تھی۔ کچھ دیر بعد ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا جبکہ دوسرا قیدی روہت زخمی ہے۔ جیل کے ایک اہلکار نے بتایا کہ دہلی کی روہنی کورٹ فائرنگ کے ملزم گینگسٹر تلو تاجپوریا کو تہاڑ جیل میں حریف گینگ ممبران یوگیش ٹنڈا اور دیگر نے حملہ کر کے ہلاک کر دیا۔ انہیں دہلی کے دین دیال اپادھیائے اسپتال لے جایا گیا، جہاں انہیں مردہ قرار دیا گیا۔ پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے۔
مزید پڑھیں:۔ Gangwar in Tihar Jail تہاڑ جیل میں گینگسٹر پرنس کا قتل
بتا دیں کہ تہاڑ جیل میں قیدیوں کی سیکورٹی پر اکثر سوالات اٹھتے رہتے ہیں۔ اس سے پہلے ایک ماہ سے بھی کم عرصہ قبل جیل میں ہی ایک دیگر مجرم شہزادہ تیوتیا کو قتل کر دیا گیا تھا۔ لڑائی کے دوران 4 قیدی زخمی ہوئے۔ اس سے پہلے 2021 میں انکت گجر نامی ایک خطرناک مجرم کو جیل کے اندر قتل کر دیا گیا تھا۔