دہلی: وزیر خارجہ ایس جے شنکر 5 روزہ دورے پر آج امریکہ پہنچے ہیں۔ جہاں وہ امریکی کمپنیوں کے ساتھ مل کر کووڈ 19 ویکسین کی مشترکہ پیداوار کے بارے میں گفتگو کریں گے۔
وزارت خارجہ سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ ایس جے شنکر 24 سے 28 مئی 2021 تک امریکہ کے دورہ پر رہیں گے ۔ اس دوران وہ نیویارک میں اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گٹارس سے ملاقات بھی کریں گے۔
وزارت نے بتایا ہے کہ ایس جے شنکر واشنگٹن میں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے ساتھ نات چیت کریں گے، وہ امریکی کابینہ کے ممبران اور وہاں کی انتظامیہ کے اعلی عہدیداروں کے ساتھ دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کریں گے۔
جنوری میں امریکی صدر جو بائیڈن کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے یہ کسی بھارتیہ وزیر کا پہلا دورہ ہے۔ مانا جارہا ہے کہ اس دورے کے دوران جے شنکر بھارت میں انسداد کووڈ 19 ویکسین کی گھریلو پیداوار بڑھانے اور امریکہ سے خام مال کی فراہمی بڑھانے پر بات کرسکتے ہیں، وہ ویکسین کی مشترکہ تیاری کے امکان پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
وزارت کے بیان کے مطابق ایس جے شنکر کا دورہ بھارت اور امریکہ کے مابین کورونا وبا سے متعلق معاشی اور تعاون پر بات چیت ہوسکتی ہے۔
جے شنکر کا امریکہ کا دورہ ایسے وقت میں ہورہا ہے جب وزارت خارجہ کے ترجمان اریندم باگچی نے ایک دن پہلے ہی کہا تھا کہ بھارت امریکی کاروباری اداروں کے ساتھ مل کر کووڈ19 اینٹی ویکسین خریداری اور اس کے ملک میں پیداوار کے امکان پر بات کر رہا ہے۔