دوماہ کے وقفہ کے بعد پیر کو شروع ہورہی اندرون ملک پرواز کی تیاریوں کے بارے میں دہلی ہوائی اڈہ کوآپریٹ کرنے والی کمپنی دہلی بین الاقوامی ائر پورٹ لیمٹیڈ (ڈی آئی اے ایل-ڈائل)نے آج میڈیا کو بتایا کہ 'جسم کے درجہ حرارت کی جانچ، ہاتھوں اور جوتوں کے تلووں کے سینیٹائزیشن، سامان کی جراثیم کشی، آروگیہ سیتو ایپ میں گرین سگنل اور بورڈنگ پاس کا پرنٹ آؤٹ لینے کے بعد ہی مسافروں کو ٹرمنل عمارت میں داخل ہونے دیا جائے گا۔
داخلے سے قبل تھرمل اسکینر سے فرنٹل ٹمپریچر کی جانچ کررہے سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس کے جوانوں نے میڈیا کے کچھ افراد کو 99 ڈگری فارن ہائٹ درجہ حرارت ہونے کے سبب داخلہ سے روک دیا۔ پوچھے جانے پر انہوں نے بتایا کہ '94.6 ڈگری سے 98.6 ڈگری فارن ہائٹ کے درمیان درجہ حرارت ہونے پر ہی کسی شخص کو ٹرمنل عمارت میں جانے کا حکم ہے۔ ڈائل کے سی ای او ویدیہ کمار جے پوریا نے بتایا کہ 'گھریلو اڑانوں پر پابندی ختم ہونے کے بعد 25 مئی سے پہلی اڑان صبح 4:30 بجے روانہ ہوگی۔
حکومت نے ایک تہائی اڑانوں کی ہی اجازت دی ہے اس لیے ابھی دہلی ائرپورٹ سے روزانہ 190 پروازیں روانہ ہوں گی اور اتنی ہی یہاں آئیں گی۔ یومیہ تقریباً 20-20 ہزار مسافروں کے آنے جانے کی امید ہے۔ سبھی پروازوں کی آمدورفت بین الاقوامی ٹرمنل -3 سے ہوگی۔ اتنے مسافروں کے لیے ٹرمنل پر مناسب سہولت موجود ہے اور سماجی دوری پر بہتر طور پر عمل کیا جاسکے گا۔
کورونا وائرس 'کووڈ-19' کے پیش نظر ملک میں باقاعدہ مسافر پروازوں کا سلسلہ 25 مارچ سے پوری طرح بند ہے۔ دو ماہ بعد 25 مئی سے احتیاطی شرائط کے ساتھ ایک تہائی اڑانوں کی اجازت دی گئی ہے۔