نئی دہلی: کانگریس پارٹی کا صدارتی الیکشن دلچسپ ہوگیا ہے۔ ششی تھرور کے بعد اب کانگریس کے سینئر لیڈر دگ وجے سنگھ بھی اس دوڑ میں شامل ہو گئے ہیں۔ ساتھ ہی اس بات پر بھی تذبذب برقرار ہے کہ آیا راجستھان کے وزیراعلیٰ اشوک گہلوت صدر کے عہدے کے لیے الیکشن لڑیں گے یا نہیں۔ Digvijaya Singh May Fight Party President Election
کانگریس پارٹی صدر کے عہدے کے لیے اشوک گہلوت کا نام آنے پر راجستھان میں سیاسی ہنگامہ آرائی شروع ہوگئی تھی اور کانگریس دو گروپ میں تقسیم ہوگئی تھی۔ تاہم اب خبریں آرہی ہے کہ مدھیہ پردیش کے سابق وزیراعلیٰ دگ وجے سنگھ بھی کانگریس صدر کے عہدے کے لیے الیکشن لڑیں گے۔ وہ جلد ہی الیکشن کے لیے کاغذات نامزدگی داخل کریں گے۔ فی الحال دگ وجے سنگھ راہل گاندھی کے ساتھ 'بھارت جوڑو یاترا' میں شریک ہیں۔ وہ آج رات تک دہلی واپس آجائیں گے اور کل کاغذات نامزدگی داخل کر سکتے ہیں۔
اس سے قبل کانگریس صدر کے انتخاب کی دوڑ میں ششی تھرور اور اشوک گہلوت کے نام سامنے آ رہے تھے لیکن راجستھان میں کانگریس پارٹی کے اندر ہنگامہ آرائی کے بعد اشوک گہلوت کے الیکشن لڑنے پر تذبذب برقرار ہے۔
دوسری جانب ششی تھرور کے امیدوار کی تصدیق کی جا رہی ہے۔ وہ 30 ستمبر کو کانگریس صدر کے عہدے کے لیے پرچہ نامزدگی داخل کرنے والے ہیں۔ ویسے الیکشن کے لیے تمام امیدوار 30 ستمبر کو ہی نامزدگی کر سکیں گے۔ کیونکہ الیکشن ریٹرننگ آفیسر مدھوسودن مستری کل دہلی میں نہیں ہوں گے۔