قومی دارالحکومت میں دم گھوٹنے والی آلودگی کی وجہ سے جمعہ کو حکومت نے دہلی کے سبھی اسکولوں کو پانچ نومبر تک بند رکھنے کا اعلان کیا۔ وزیراعلی اروند کیجری وال نے ٹوئٹ کرکے کہا کہ آلودگی کی وجہ سے دہلی کے سبھی اسکول 5 نومبر تک بند رہیں گے۔
کیجری وال نےکہا کہ ’’دہلی میں پرالی کے بڑھتے دھوئیں کی وجہ سے آلودگی کی سطح بہت زیادہ ہوگئی ہے۔ اس لئے حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ دہلی کے سبھی اسکول 5 نومبر تک بند رہیں گے۔‘‘
دیوالی کے بعد سے دہلی میں فضائی آلودگی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافہ جاری تھا جس کے بعد سپریم کورٹ کی جانب سے مقرر ماحولیاتی آلودگی کنٹرول اتھارٹی نے آج سے پبلک ہیلتھ ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کیا۔
دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجروال نے ٹوئٹ کرکے اطلاع دی کہ دہلی میں فضائی آلودگی کے سلسلہ میں عائد ایمرجنسی کی وجہ سے 5 نومبر تک تمام اسکولز کو بند رکھا جائے گا۔
ماحولیاتی آلودگی کنٹرول اتھاریٹی نے علاقہ میں 5 نومبر تک تعمیراتی سرگرمیوں اور آتشبازی پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔
دہلی کے وزیراعلیٰ نے آج اسکولی بچوں میں ماسک کی تقسیم کے دوران ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دہلی کو ایک ’گیس چیمبر‘ کے مترادف قرار دیا۔
انہوں نے دہلی کی پڑوسی ریاستوں پر الزام لگایا کہ وہاں کسانوں کی جانب سے بیکار فصل کو جلانے سے بھی دہلی کی فضا خطرناک حد تک آلودہ ہو رہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق فضائی آلودگی میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے تاہم اس سلسلہ میں احتیاطی اقدامات انتہائی ضروری ہوگئے ہیں۔