دہلی میں عوامی مقامات سے بھی کورونا انفیکشن کے معاملے سامنے آنے لگے ہیں۔ بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے تمام اقدامات کے باوجود، لاک ڈاؤن کے دوران دوسروں کی مدد کرنے میں مصروف افراد بھی کورونا مثبت پائے جا رہے ہیں ۔ تازہ واقعہ جنوبی دہلی کے مہرولی کا ہے۔
دہلی کے مہرولی علاقے میں دو افراد کورونا مثبت پائے گئے ہیں۔ یہ دونوں یہاں ضرورت مندوں میں کھانا تقسیم کرنے کا کام کرتے تھے۔ مہرولی میں ایک پہلوان ڈھابہ ہے، جس کے آس پاس رہ رہے مہاجر مزدروں اور ضرورت مندوں کے درمیان عام آدمی پارٹی کے رکن اسبلی نریش یادو کی جانب سے کھانا تقسیم کیا جاتا ہے۔ اس کے لئے وہاں پارٹی کی جانب سے کئی رضاکار نصب کیے گئے ہیں۔ ان میں سے دو رضا کاروں میں کورونا مثبت پائے گئے۔
کورونا کےعلامات ظاہر ہونے کے بعد مجموعی طور پر تین افراد کا نمونہ ٹیسٹ کرایا گیا، جن میں سے 2 کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ اس رپورٹ کے بعد پورے علاقے میں دہشت کا ماحول ہو گیا۔ انتظامیہ نے احتیاط کے طور پر ان کے رابطوں کی تفتیش شروع کردی ہے کہ انہوں نے کن علاقوں میں کھانا تقسیم کیا تھا۔
اس سارے معاملے پرجنوبی دہلی کے ڈی ایم نے کہا ہے کہ اس علاقے میں تحقیقات کی جارہی ہیں کہ کون سا علاقہ کنٹینمنٹ زون ہوگا۔ پہلوان ڈھھابہ، موتی لال نہرو کیمپ، کار مارکیٹ، کشن گڑھ، چرچ روڈ، وسنت کنج وغیرہ جیسے علاقے ریڈ زون میں تبدیل ہو سکتے ہیں۔