تازہ ترین معاملہ دہلی پولیس کے اسپیشل سیل سے سامنے آیا ہے جہاں ایک انسپکٹر کو کورونا سے متاثر پایا گیا ہے۔ فی الحال، انسپکٹر کو علاج کے لیے ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ اس سے قبل بھی خصوصی سیل کے دو پولیس اہلکار کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔
معلومات کے مطابق دہلی پولیس کے اہلکار مسلسل کورونا وائرس کی گرفت میں آرہے ہیں۔ وہیں اب تک ایک پولیس اہلکار کی موت ہوچکی ہے تو وہیں اب تک 55 سے زیادہ پولیس اہلکار کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ خصوصی سیل میں تعینات دو پولیس اہلکار پہلے ہی کورونا مثبت پائے گئے تھے۔ تب سے پولیس اہلکاروں کی ایک بڑی تعداد کو قرنطینہ کردیا گیا تھا۔ اب اسپیشل سیل کے انسپکٹر کو کورونا سے متاثر پایا گیا ہے۔ انہوں نے دو دن پہلے اپنا ٹیسٹ کروایا تھا جس کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔
خصوصی سیل میں تعینات انسپکٹر سے تفتیش کی جارہی ہے کہ کورونا انفیکشن کہاں ہوا ہے۔ ان سے پوچھا جارہا ہے کہ گزشتہ 14 دنوں میں ان کی کن کن لوگوں سے ملاقات ہوئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ان لوگوں کی ایک فہرست بھی تیار کی جارہی ہے جن سے وہ گذشتہ 2 ہفتوں میں مل چکے ہیں۔ ایسے سبھی لوگوں کو قرنطینہ کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی ان کے اہل خانہ کی بھی جانچ کروائی جائے گی۔