دہلی یونیورسٹی کے متعدد اساتذہ نے اپنے فیس بک پیج پر مسلم سماج کے خلاف انتہائی نفرت انگیز پیغامات شائع کیے ہیں۔ اس معاملے کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے دہلی اقلیتی کمیشن نے یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو ایک نوٹس جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ کمیشن حیران ہے کہ کچھ اساتذہ اپنے فیس بک پر لکھ رہے ہیں کہ مسلمانوں کو گیس چیمبروں میں ڈال دینا چاہئے اور ڈاکٹروں کو ان کا علاج نہیں کرنا چاہیے وغیرہ وغیرہ۔
کمیشن نے اپنے نوٹس میں کہا ہے کہ ہمیں یہ بات بہت پریشان کن معلوم ہوتی ہے کہ ایسے عناصر آپ جیسی معزز یونیورسٹی میں تدریس کے فریضہ انجام دے رہے ہیں۔
کمیشن جو عدالتی اختیارات رکھتا ہے اور سول عدالت کے طور پر کام کرتا ہے، وائس چانسلر سے ان پوسٹوں کی تحقیقات اور ان اساتذہ کے خلاف مناسب کارروائی کرنے کے لئے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیا ہے۔ کمیشن نے وائس چانسلر کو کارروائی اور رپورٹ فائل کرنے کے لیے ایک ماہ کا وقت دیا ہے۔