نئی دہلی: دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے اتوار کے روز ہائی لیول کمیٹی (ایچ ایل سی) کی نگرانی میں سگنیچر برج سے آئی ٹی او بیراج تک جمنا کایا کلپ پروجیکٹ کا معائنہ کیا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ٹویٹ کیا کہ ایچ ایل سی کے ذریعہ نگرانی کی گئی یمنا صفائی مہم کے پہلے مرحلے کی تکمیل پر، سگنیچر برج سے جمنا کے آئی ٹی او بیراج تک 11 کلو میٹر کے فاصلے کا معائنہ کیا گیا۔ انہوں نے ٹویٹ میں کہا، " یہ شیئر کرتے ہوئے خوشی ہورہی ہے، 12 فروری کو کام کے آغاز کے بعد سے جمنا سے 1200 ٹن کچڑا ہٹانے کے ساتھ جمنا کے کلیدی پیرامیٹرز میں نمایاں بہتری دکھائی دی ہے۔" انہوں نے کہا کہ دوسرا مرحلہ آج سے شروع ہوگا جس میں جمنا کے کنارے کی صفائی کے ذریعے تبدیلی پر توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے ٹویٹ کیا کہ نجف گڑھ ڈرین کی صفائی سے بھی مطلوبہ نتائج برآمد ہوئے ہیں۔
وی کے سکسینہ نے ٹویٹ کیا "بڑے پیمانے پر سماج کی شرکت سے یقینی طور پر حوصلہ بخش فرق پیدا ہوا ہے۔ اس کا ثبوت یہ ہے کہ وزیر آباد اور آئی ٹی او کے درمیان 11 کلومیٹر تک ندی میں بیک وقت 30 موٹر بوٹس چل سکتی ہیں۔ وہیں راجدھانی کے دیہاتوں کے مسائل حل نہ کیے جانے اور یمنا کو آلودگی سے پاک نہ کرنے کے خلاف اتوار کو لاڈو سرائے میں 96 گاؤں کی کھاپ کی پنچایت کا انعقاد کیا گیا۔ پنچایت میں گاؤں والوں نے ایک آواز میں کہا کہ وہ 4 جون کو یمنا کی صفائی کے لیے یمنا سنسد سنگٹھن کے انسانی زنجیر بنانے کے پروگرام میں حصہ لیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: جے پی گنگا پتھ کے باقی ماندہ تعمیراتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کریں: نتیش
یو این آئی